آئی ایم ایف کی اجازت سے صنعتی صارفین کیلئے گیس سستی ہونے کا امکان

اسلام آباد (مشر ق نیوز) صنعتی صارفین کیلئے گیس سستی ہونےکا امکان، آئی ایم ایف نے گیس لیوی میں کمی کی اجازت دیدی، کیپٹو پاور پلانٹس پر لیوی میں 30 سے 60 فیصد تک کمی متوقع ہے۔ ذرائع وزارت پیٹرولیم کے مطابق آئی ایم ایف نے گیس لیوی کا نیا فارمولا منظور کرلیا۔ وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کی درخواست پر فارمولا تبدیل کیا گیا، ٹیرف اب اوسط بنیاد پر مقرر کیا جائےگا، پہلے لیوی کو پیک آورز سے منسلک کیا گیا تھا، لیوی میں کمی سے نیشنل گرڈ سے بجلی کی طلب کم نہ ہونے کی شرط عائد کر دی گئی۔

ذرائع وزارت پیٹرولیم کے مطابق بجلی کی طلب کم ہوئی تو لیوی دوبارہ بڑھ سکتی ہے، گیس لیوی کا مقصد صنعتوں کو گرڈ پر لانا ہے مہنگی بجلی کے باعث صنعتوں کو مشکلات کا سامنا ہے، اس وقت کیپٹو پاور پلانٹس پر 1343 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو لیوی عائد ہے۔

خیال رہے کہ حکومت نے رواں مالی سال اس لیوی سے105 ارب آمدن کا ہدف مقرر کررکھا ہے، اگست 2025 کیلئے لیوی کی شرح 690 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر تھی، اپریل کیلئے شرح 570، مئی کیلئے550 اورجون کیلئے 402 روپے مقرر تھی۔