لاہور (خبرنگار خصوصی) سپیکرپنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کہا ہے کہ مصنوعی ذہانت اور سوشل ویلفیئر سنجیدہ موضوع ہے، ایران اورامریکہ جنگ میں تباہی کے بعدیہ سوال پیدا ہوا کہ کیا مصنوعی ذہانت کوئی ایسی تخلیق بھی کرسکتی ہے جس سے تباہی روکی جاسکے اور کونسے لوگ ہیں جو قدم اٹھائیں گے اور دنیا میں امن قائم ہوگا۔وہ پنجاب یونیورسٹی شعبہ سوشل ورک کے زیر اہتمام ریسرچ کنسلٹنسی آن سوشل اینڈمینجمنٹ ڈیولپمنٹ کے اشتراک سے ”مصنوعی ذہانت، سماجی تبدیلی، اور سائنسی ترقی“ کے عنوان پرتیسری بین الاقوامی کانفرنس سے الرازی ہال میں خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر سینیٹر بشریٰ انجم بٹ، وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر محمد علی، ڈی جی پیمراپنجاب عائشہ منظور وٹو،آئی جی جیل خانہ جات میا ں فاروق نذیر، چیئرپرسن شعبہ سوشل ورک پروفیسرڈاکٹرعظمیٰ عاشق، این جی اوز کے نمائندگان، پنجاب یونیورسٹی سمیت دیگر جامعات سے اساتذہ اور طلباو¿طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اپنے خطاب میں ملک احمد خان نے کہا کہ مصنوعی ذہانت میڈیکل اور جنگوں سمیت ہر شعبہ زندگی میں انقلاب برپا کررہی ہے،مصنوعی ذہانت ٹیکنالوجی جنگوں میں وار مشین بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو بڑے بڑے خواب دیکھنے چاہئے کیونکہ یہ خواب ہی قوم کا مقدرہیں اوران کے خواب شرمندہ تعبیرہونے چاہیے۔ انہوں نے طلبہ سے کہا کہ طے کریں کہ انہیں مستقبل میں کیا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا انٹرن شپ پروگرام نوجوان طلبہ میں بہت مقبول ہے اور بہترین انداز میں آگے بڑھ رہا ہے۔ انٹرن شپ پروگرام میں سوشل ورک کے طلبہ کو بھی شامل کریں گے۔انہوں نے کہا کہ آئی جی جیل خانہ جات کے اصلاحتی اقدامات پر انہیں ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری ملنی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ ہم وہ لوگ ہیں جو چاہتے ہیں کہ دنیا میں امن قائم ہو۔ پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے کہا کہ معاشرہ میں توازن کیلئے سوشل سائنسز سمیت تمام علوم کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی میں تقریباً 90 ڈگریاں ایسی ہیں جو سوشل سائنسز کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معاشرہ میں ایسی ڈگریوں کی بہت ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ مستقبل میں مصنوعی ذہانت سب کو آتی ہوگی کیونکہ یہ کوئی ڈگری نہیں،سب سیکھ سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی میں اصلاحات کیلئے اقدامات کررہے ہیں۔ انہوں نے بہترین کانفرنس کے انعقاد پر منتظمین کی کاوشوں کوسراہا۔
مصنوعی ذہانت میڈیکل، جنگوں سمیت ہر شعبہ میں انقلاب برپا کررہی ہے:سپیکر پنجاب اسمبلی


















