افغانستان میں سرگرم دہشت گرد تنظیم داعش خراسان یورپ کیلئے سنگین خطرہ

برسلز (مشرق نیوز) یورپی یونین کی رپورٹ میں افغانستان میں سرگرم دہشتگرد تنظیم داعش خراسان کو یورپ کےلئے خطرہ قرار دیاگیا،یورپی یونین کی 23 صفحات پر مشتمل خفیہ خطراتی جائزہ رپورٹ میں کہا گیا ہے افغانستان سے ابھرتے سکیورٹی خطرات کے باعث یورپی یونین کو پرتشدد انتہا پسندی ، دہشتگردی کے سنگین مسائل کا سامنا ہے، افغانستان میں موجود دہشتگرد گروہ انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا کے ذریعے نوجوانوں کو گمراہ کرنے کیلئے بڑے پیمانے پر پروپیگنڈا پھیلا رہے ہیں، افغانستان میں سرگرم دہشتگرد گروہ ٹیلیگرام اور ٹک ٹاک جیسے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو 12 سال تک کے کم عمر بچوں کی بھرتی اور برین واشنگ کےلئے استعمال کر رہے ہیں،عالمی ماہرین کے مطابق یورپی یونین کی لیک شدہ خفیہ دستاویزات پاکستان کے اصولی مو¿قف کی تائید کرتی ہیں کہ منشیات اور دہشت گردوں کی سرپرست افغان رجیم ہی دنیا میں انتہا پسندی پھیلانے کی جڑ ہے، افغان طالبان رجیم کے زیر قبضہ افغانستان شدت پسند نیٹ ورکس، ڈیجیٹل ریڈیکلائزیشن اور سرحد پار دہشتگرد خطرات کا مرکز بن چکا ہے۔