ہیڈ کوچ سرفراز احمد کا سابق کپتان شان مسعود پر بھرپور اطمینان کا اظہار

لاہور (مشرق نیوز) پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ سرفراز احمد نے سابق کپتان شان مسعود کی بھرپور حمایت کا اظہار کیا ہے۔ ویسٹ انڈیز روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو میں سرفراز احمد نے کہا کہ شان مسعود کپتانی سے ہٹنے کے باوجود ٹیم کیلئے ایک اہم کھلاڑی کے طور پر اپنا کردار موثر انداز میں ادا کریں گے۔

سرفراز نے بتایا کہ ان کی شان مسعود سے تفصیلی بات ہوئی ہے اور وہ پ±راعتماد ہیں۔ اگرچہ انہیں معمولی ہیم اسٹرنگ کی تکلیف تھی تاہم ان کا رویہ انتہائی مثبت اور پیشہ ورانہ رہا۔ ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ ٹیم نے گزشتہ ایک ماہ کے دوران لاہور اور راولپنڈی میں سخت تربیتی کیمپ لگائے جہاں ویسٹ انڈیز جیسی گرم اور مرطوب موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے تیاری کی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ گرین پچز اور سپن ٹریکس دونوں پر بھرپور پریکٹس کرائی گئی جبکہ ٹرینیڈاڈ میں چار روزہ وارم اپ میچ بھی ٹیم کو مقامی حالات سے ہم آہنگ ہونے میں مدد دیگا۔ سرفراز احمد نے حالیہ خراب نتائج کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں سے انفرادی ملاقاتیں کی گئی ہیں تاکہ ان سے توقعات واضح کی جا سکیں۔

ہیڈ کوچ نے بابر اعظم کو دوبارہ ٹیسٹ کپتان بننے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ باصلاحیت اور تجربہ کار قائد ہیں جبکہ ٹیم کا ہدف ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز اپنے نام کرنا ہے۔