بلوچستان میں آپریشنز،71سے زائد دہشتگرد جہنم واصل،ٹھکانے تباہ

کوئٹہ ،راولپنڈی: (بیورورپورٹ)بلوچستان میں کامیاب آپریشنز،سکیورٹی فورسز نے 71سے زائد دہشتگردوں کو جہنم واصل کردیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق سکیورٹی فورسز نے 21 ستمبر کومصدقہ انٹیلی جنس معلومات پر زیارت و گردونواح کے علاقوں میں آپریشن شعبان کے دوران دہشتگردوں کے متعدد ٹھکانوں کو تباہ کیا، شدید فائرنگ کے تبادلے میں بھارتی حمایت یافتہ 33 دہشت گرد مارے گئے،خوارج مقامی آبادی کےلئے خطرہ بن رہے تھے،آپریشن کے دوران اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کرلیاگیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے 25 ستمبرکو نوشکی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں دہشتگردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا، بھارتی سرپرستی میں سرگرم 11 دہشتگرد انجام کو پہنچے، مند میں بھی فتنہ الہندوستان کے 6 دہشتگرد ہلاک کیے گئے ،96 گھنٹوں کے دوران 70 سے زائد دہشتگرد ہلاک ہونے سے بھارتی پشت پناہی میں سرگرم افغان پراکسیز کو شدید دھچکا پہنچا ۔

ترجمان پاک فوج نے کہا دہشتگرد سرگرمیوں میں افغان طالبان حکومت کا ملوث ہونا امن و استحکام کےلئے خطرہ،بھارت کی مکمل پشت پناہی ،معاونت حاصل ہے،عزمِ استحکام ویژن کے تحت انسداد دہشت گردی مہم جاری رہے گی، سکیورٹی فورسز ،قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشتگردی کے خاتمے کےلئے پرعزم ہیں۔

دوسری جانب صدر،وزیراعظم،وزیر داخلہ نے کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاغیر ملکی سرپرستی ،معاونت سے ہونےوالی دہشتگردی کے مکمل خاتمے کےلئے کارروائیاں جاری رہیں گی،بہادر سپوت قوم کا سرمایہ ،عفریت کامکمل خاتمہ کرکے دم لیں گے۔