ساہیوال (بیورو رپورٹ) چیئرپرسن وزیراعلیٰ شکایت سیل صائمہ فاروق نے کہا ہے کہ عوام کا اعتماد ہی حکومت کی اصل طاقت ہے اور یہ اعتماد عوام دوست طرز حکمرانی سے مزید مستحکم ہوتا ہے۔ کھلی کچہریاں شہریوں کی آواز بلا واسطہ حکومتی نمائندوں تک پہنچانے کا بہترین ذریعہ ہیں جن سے عوام کو ان کی دہلیز پر انصاف اور ریلیف کی فراہمی یقینی بنائی جا سکتی ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار ساہیوال آرٹس کونسل میں منعقدہ کھلی کچہری کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل، ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق اور ڈی پی او محمد عثمان ٹیپو سمیت تمام سرکاری محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔کھلی کچہری میں شہریوں نے مختلف محکموں سے متعلق اپنے مسائل اور شکایات پیش کیں۔ مجموعی طور پر 271 درخواستیں موصول ہوئیں جنہیں متعلقہ افسران کے سپرد کرتے ہوئے فوری کارروائی اور مقررہ مدت میں حل کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔ چیئرپرسن وزیراعلیٰ شکایت سیل صائمہ فاروق نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبہ بھر میں کھلی کچہریوں کا انعقاد عوام اور حکومت کے درمیان فاصلے کم کرنے اور شہریوں کو براہ راست اپنی شکایات پیش کرنے کا موقع فراہم کرنے کیلئے کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ موصول ہونے والی درخواستوں پر فوری پیشرفت یقینی بنائی جائے اور شہریوں کو درپیش مسائل کے حل میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔صائمہ فاروق نے مزید کہا کہ کسی بھی شہری کی جائز شکایت کو نظر انداز نہیں کیا جائیگا اور تمام محکمے عوامی خدمت کے جذبے کے تحت اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب عوامی مسائل کے دیرپا حل، شفافیت کے فروغ اور سرکاری اداروں کی کارکردگی میں بہتری کیلئے عملی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کھلی کچہریوں کے ذریعے موصول ہونے والی درخواستوں کی باقاعدہ مانیٹرنگ کی جائے گی تاکہ شہریوں کو حقیقی معنوں میں ریلیف مل سکے اور حکومتی اقدامات کے ثمرات نچلی سطح تک پہنچ سکیں۔ دوسری طرف کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل کی زیر صدارت ڈویژنل سٹرٹیجک ریزرو مینجمنٹ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈپٹی کمشنر ساہیوال کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق، اے سی جی جنرل غلام حسین بھٹی، اسسٹنٹ کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ رانا اورنگزیب، ڈائریکٹر زراعت چوہدری شہباز اختر، ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ عبدالماجد خان، کمیٹی کے اراکین اور متعلقہ افسران نے شرکت کی جبکہ ڈپٹی کمشنرز اوکاڑہ احمد عثمان جاوید اور پاکپتن آصف رضا ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔ اجلاس میں گندم خریداری 2026-27، گندم کے ذخائر، مارکیٹ میں دستیابی اور حکومتی پالیسی پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ عبدالماجد خان نے گندم خریداری اور ذخیرہ کاری کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے ہدایت کی کہ گندم کی ذخیرہ اندوزی، ناجائز منافع خوری اور غیر قانونی نقل و حرکت کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں کی جائیں۔ انہوں نے فوڈ انسپکٹرز کو فیلڈ میں متحرک رہنے اور مارکیٹ کی مسلسل نگرانی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کسانوں اور عوام کے مفادات کا تحفظ حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈویژنل سٹرٹیجک ریزرو مینجمنٹ کمیٹی گندم کے ذخائر، خریداری، ترسیل اور سپلائی کے نظام کی مثر نگرانی جاری رکھے گی تاکہ کسی بھی قسم کی مصنوعی قلت یا بحران کو روکا جا سکے۔ اجلاس میں متعلقہ اداروں کے درمیان رابطہ مزید مضبوط بنانے اور گندم پالیسی 2026 کے اہداف کے بروقت حصول کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھانے پر زور دیا گیا۔
کھلی کچہریاں شہریوں کی آواز حکومت تک پہنچانے کا بہترین ذریعہ ہیں:صائمہ فاروق


















