پاکستان خطے میں امن کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا: طارق فضل چودھری

اسلام آباد ( بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری سے امریکی سفارتخانے کے حکام نے ملاقات کی جس میں منسٹر قونصلر برائے پولیٹیکل افیئرز ٹیری سٹیئرز گونزالیز اور انٹرنل پولیٹیکل یونٹ چیف کیرن گلوسر شامل تھے۔ امریکی حکام نے عالمی امن کے لئے پاکستان کے ثالثی کے کردار کو سراہا۔ وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جو کردار ادا کیا اس پر پوری دنیا سے پذیرائی مل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا سمیت دیگر ممالک کی جانب سے پاکستان کی سفارتی کاوشوں کا اعتراف ہمارے لئے باعث فخر ہے۔پاکستان خطے میں امن کو فروغ دینے میں اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا،اسلام آباد مفاہمتی یادداشت جلد ہی حتمی معاہدے میں بدلے گی۔امریکی اور ایرانی قیادت کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے پاکستان پر اعتماد کا اظہار کیا۔ امریکی سفارت کاروں نے کہا کہ کراچی میں رینجرز کیمپ آفس پر حملہ قابل مذمت ہے۔پاکستان میں دہشت گردی کے تمام واقعات کی بھرپور مذمت کرتے ہیں،دہشت گردی کے خلاف پاکستان کو اپنے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے۔