لاہور(مرزا ندیم بیگ)محکمہ جیل خانہ جات پنجاب کے نئے انسپکٹر جنرل (آئی جی) کی تعیناتی کے حوالے سے روزنامہ ”مشرق“ کی جانب سے چند ہفتے قبل شائع کی گئی خبر بالآخر درست ثابت ہوگئی۔ ذرائع کے مطابق سابق آئی جی جیل خانہ جات پنجاب میاں فاروق نذیر کی ریٹائرمنٹ کے بعد اس اہم اور حساس عہدے کیلئے ابتدائی طور پر تین سے چار سینئر افسران کے نام زیر غور آئے تھے، تاہم روزنامہ مشرق نے اپنی رپورٹ میں واضح طور پر نشاندہی کی تھی کہ میاں سالک جلال اس دوڑ میں مضبوط امیدوار اور فیورٹ تصور کئے جا رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق ابتدائی مرحلے میں جن افسران کے نام زیر غور آئے ان میں سابق آئی جی جیل خانہ جات کوکب ندیم، سابق آئی جی ملک مبشر اور اس وقت ڈی آئی جی ہیڈکوارٹر کے طور پر خدمات انجام دینے والے میاں سالک جلال شامل تھے، جبکہ ایک اور سینئر افسر کا نام بھی زیر غور رہا۔ بعد ازاں مشاورت کے مختلف مراحل کے بعد مقابلہ دو امیدواروں یعنی ملک مبشر اور میاں سالک جلال تک محدود ہوگیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کو نئے آئی جی کے تقرر میں کچھ وقت درکار تھا جس کے باعث پہلے مرحلے میں میاں سالک جلال کو انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات پنجاب کا اضافی (ایڈیشنل) چارج سونپا گیا۔ اس دوران انہوں نے نہ صرف محکمہ کے انتظامی معاملات کو موثر انداز میں چلایا بلکہ جاری اصلاحاتی منصوبوں اور دفتری امور کی بھی مسلسل نگرانی کی۔ محکمہ جیل خانہ جات کے باخبر حلقوں کے مطابق میاں سالک جلال کی سب سے بڑی خوبی ان کا وسیع انتظامی تجربہ، محکمانہ معاملات پر مضبوط گرفت اور بطور ڈی آئی جی ہیڈکوارٹر ذمہ داریوں کو انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں نبھانا تھا۔ ذرائع کے مطابق انہوں نے ہمیشہ اپنی ذمہ داری کو محض ایک سرکاری عہدہ نہیں بلکہ قومی خدمت سمجھ کر ادا کیا جس کی وجہ سے انہیں محکمہ کے اندر بھی ایک قابل، دیانتدار اور تجربہ کار افسر کے طور پر دیکھا جاتا رہا۔ ذرائع کے مطابق امیدواروں کی جانب سے اس اہم عہدے کے حصول کیلئے مختلف سطحوں پر کوششیں بھی کی گئیں تاہم حکومت نے آخرکار تمام پہلووں، سروس ریکارڈ، انتظامی صلاحیت، تجربے اور میرٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ میاں سالک جلال کے حق میں کیا۔حکومت پنجاب کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد میاں سالک جلال کو مستقل طور پر انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات پنجاب تعینات کر دیا گیا جس کے ساتھ ہی روزنامہ مشرق کی جانب سے پہلے شائع کی گئی خبر بھی درست ثابت ہوگئی۔ محکمہ جیل خانہ جات کے افسران اور ملازمین کی ایک بڑی تعداد نے اس تعیناتی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ میاں سالک جلال کی قیادت میں محکمے کی کارکردگی میں مزید بہتری آئیگی۔
روزنامہ ”مشرق“ کی خبر درست، میاں سالک جلال نئے آئی جی جیل خانہ پنجاب تعینات


















