دوحہ (مشرق نیوز) وزیراعظم شہباز شریف اور سابق وزیراعظم نوازشریف نے امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ملاقات کر کے سابق امیر قطر شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کے انتقال پر تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے مرحوم شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کی دوراندیش قیادت، مدبرانہ کردار اور قطر کی ترقی کیلئے ان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں قطر ایک جدید، مستحکم اور خوشحال ریاست کے طور پر ابھرا۔
وزیراعظم نے کہا کہ مرحوم شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کی خطے کے امن، استحکام اور ترقی کیلئے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، انہوں نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں پاکستان کی حکومت اور عوام قطر کی قیادت اور عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ وزیراعظم شہبازشریف، نوازشریف اور پاکستانی وفد نے مرحوم سابق امیر قطر کی مغفرت اور درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی۔
وفد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ بھی شامل تھے۔ اس موقع پر امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے تعزیت کیلئے دوحہ آمد پر وزیراعظم شہبازشریف اور پاکستانی وفد کا شکریہ ادا کیا۔
شہباز شریف اور نوازشریف کی امیر قطر سے سابق شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کے انتقال پر تعزیت



















