لاہور (مشرق نیوز) پنجاب کے شہر فیروز والا میں شدید بارش کے باعث کئی علاقے زیر آب آ گئے جبکہ نالے میں طغیانی سے ریلوے کا ایک پل بھی بہہ گیا۔ قلعہ ستار شاہ کے قریب شدید بارشوں اور سیلابی ریلے کے باعث ریلوے پل کو نقصان پہنچنے سے لاہور سے فیصل آباد ریلوے سیکشن پر ٹرین آپریشن عارضی طور پر معطل کر دیا گیا، جبکہ پاکستان ریلوے نے متعدد ٹرینوں کے روٹس تبدیل اور بعض ٹرینیں منسوخ کر دی ہیں۔
ریلوے ٹرانسپورٹ آفیسر ریلویز لاہور ڈویژن کا کہنا ہے کہ قراقرم ایکسپریس اور شالیمار ایکسپریس کو لاہور، فیصل آباد کی بجائے لاہور سے براستہ رائیونڈ، ساہیوال، خانیوال بھیجا جائیگا۔ اسی طرح بھلے ڈسنوال اور بانیوال کے قریب سے گزرنے والے نالے میں بھی شدید طغیانی پیدا ہوئی جس سے حفاظتی بند ٹوٹ گیا اور پانی رہائشی علاقوں میں داخل ہونے کے بعد لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے موثر منصوبہ بندی نہ اپنائے جانے کے باعث سینکڑوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں بھی تباہ ہوئیں جبکہ متعدد خاندان نقل مکانی پر بھی مجبور ہو گئے۔ دوسری جانب ریسکیو ٹیمیں علاقے میں پہنچ چکی ہیں اور امدادی کارروائی جاری ہے۔
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ پل اور ریلوے ٹریک کی بحالی کیلئے مرمتی کام جاری ہے، انفرا اسٹرکچر کی بحالی مکمل ہونے کے بعد ٹرین آپریشن معمول کے مطابق بحال کر دیا جائیگا جبکہ مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ سفر سے قبل اپنی متعلقہ ٹرین کی تازہ ترین صورتحال ضرور معلوم کریں۔
خیال رہے کہ پاکستان کے زیادہ تر علاقوں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث کئی حادثات بھی ہو چکے ہیں اور این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ بارش کے باعث ہونے والے حادثات و واقعات میں اب تک ملک بھر میں 107 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
دوسری طرف بارشوں کے پیش نظر پنجاب بھر میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے۔
پنجاب ، بارشوں سے کئی علاقے زیرآب، ریلوے پل بہہ گیا، ٹرین سروس معطل، دفعہ 144 نافذ



















