مظفر آباد (مشرق نیوز) آزاد کشمیر انتخابات کے تیسرے مرحلے میں بڑا اپ سیٹ ہوگیا۔ مسلم کانفرنس کے سربراہ اور دو بار کے وزیراعظم سردار عتیق احمد کو بڑی شکست ہوگئی۔ 20 سال بعد قانون ساز اسمبلی سے باہر ہوگئے۔ عوامی دست و بازو پارٹی کے ساجد اقبال نے 21 ہزار سے زیادہ ووٹ کے مارجن سے مات دی۔
ایل اے 14 کے کل 214 پولنگ سٹیشن کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق عوامی دست و بازو پارٹی کے امیدوار ساجد اقبال نے 40 ہزار 702 ووٹ حاصل کئے جبکہ سردارعتیق احمد خان 19542 ووٹ ہی لے سکے۔ ایل اے 17 حویلی میں پیپلزپارٹی نے میدان مار لیا۔ فیصل ممتاز راٹھور 31 ہزار 839 ووٹ لیکر کامیاب ہوگئے۔ مسلم لیگ (ن) کے محسن عزیز کو 28 ہزار 975 ووٹ ملے۔
ایل اے 15 باغ میں بھی پیپلزپارٹی کے سردار ضیاالقمر 16 ہزار 637 ووٹ لیکر کامیاب ہوگئے۔ مسلم لیگ (ن) کے مشتاق منہاس 15150 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔ ایل اے 16 میں مسلم لیگ (ن) کا پلڑہ بھاری ہے۔ سردار میر اکبر خان کو پیپلزپارٹی کے قمرالزمان پر برتری حاصل ہے۔ 10 پولنگ سٹیشنوں کے نتائج آنا باقی ہیں۔ مجموعی طور پر 24 نشستیں جیت کر مسلم لیگ (ن) کو سادہ اکثریت مل گئی ہے۔
آزاد کشمیر انتخابات میں بڑا اپ سیٹ، سردار عتیق احمد کو شکست

















