اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے حکومت نے اڑھائی سالوں میں نہایت مشکل مراحل عبور کر کے مستحکم معیشت کا ہدف حاصل کیا ، پاکستان دنیا میں مضبوط، پرعزم، باوقار اور امن کی توانا آواز بن گیا۔
یومِ آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں شہبازشریف نے کہا بحیثیت قوم تحریک آزادی کے قائدین، کارکنوں کو سلام پیش کرتے ہیں، قائداعظم کی مدبرانہ قیادت ،بزرگوں کی قربانیوں کی بدولت آزاد مملکت کاخواب شرمندہ تعبیر ہوا، تحریک آزادی کے تمام رہنماوں کی ولولہ انگیز سیاسی جدوجہد نے مسلمانان ہند کو آزاد وطن کے نصب العین پر متحد کیا،آباو اجداد نے قربانیوں، صعوبتوں ، تکالیف کی داستان رقم کی اور جدوجہد آزادی کامیابی سے ہمکنار ہوئی اورایسی سر زمین میسر ہوئی جہاں آزاد قوم کی حیثیت سے عزت، وقار، دین و تہذیبی اقدار کے مطابق زندگی استوار کر سکیں، پاکستان اسلامی تعلیمات ،بابائے قوم کے نظریات کے مطابق تمام شہریوں کےلئے بلا تفریق رنگ ونسل مکمل آزادی کی ضمانت ہے۔
وزیراعظم نے کہا آئین و قوانین تمام شہریوں کے حقوق کے ضامن ،ملکی ترقی و خوشحالی کا سفر تابناک مستقبل کی جانب گامزن ہے، حکومت نے اڑھائی سالوں میں نہایت مشکل مراحل عبور کر کے مستحکم معیشت کا ہدف حاصل کیا اب ترقی یافتہ معیشت کی منزل کی جانب کامیابی سے گامزن ہے، 2 برس کے دوران بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں 11.3 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا،بہادر افواج نے دشمن کے ہر وار کے جواب میں مادر وطن کے دفاع کو ناقابل تسخیر ثابت کیا۔
شہبازشریف نے کہاپاکستان اپنی افواج پر فخر کرتا ہے، معرکہ حق میں مسلح افواج نے فیلڈ مارشل کی قیادت میں اتحاد، عزم ، بے مثال بہادری کا مظاہرہ کیا، پاکستان اپنے دفاع ،آبی وسائل سمیت قومی مفادات کے تحفظ کےلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گا،پاکستان اقوام عالم میں مضبوط، پرعزم، باوقار اور امن کی توانا آواز کے طور پہچانا جاتا ہے، خطے کی مشکل و چیلنجنگ علاقائی صورتحال میں پاکستان ذمہ دار اورخطے میں استحکام کا ضامن ملک بن کر ابھرا ، امن، استحکام و علاقائی تعاون کے فروغ میں تعمیری کردار ادا کر رہے ہیں۔
قومی مفادات کے تحفظ کےلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے،وزیراعظم


















