سانحہ پمز خطرے کی گھنٹی، جتنی لوٹ مارشعبہ صحت میں ہے کہیں اور نہیں، خواجہ آصف


سیالکوٹ:(بیورورپورٹ) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہاہے سانحہ پمز خطرے کی گھنٹی، جتنی لوٹ مارشعبہ صحت میں ہے کہیں اور نہیں،جانیں بچانے والے شعبے کو بعض عناصر نے جیبیں بھرنے کامقصد بنا لیا، کرپشن کا پورا نیٹ ورک توڑنے کی ضرورت ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہاوزیراعظم نے سانحہ پمز کانوٹس لیا، امید ہے معاملے کے کچھ نتائج سامنے آئیں گے تاہم صورتحال کو درست کرنا ضروری ہے، صحت کے شعبے میں کرپشن کا نیٹ ورک توڑنے کےلئے موثر اقدامات کرنا ہوں گے،2سے اڑھائی سال کے دوران پنجاب حکومت نے صحت کے شعبے پر توجہ دی ،کئی شعبوں میں بہتری آئی تاہم ملک کے دیگر حصوں میں بھی اصلاحات کی ضرورت ہے، پہلے معلومات و اعداد و شمار جمع کیے جائیں پھر ذمہ دار افراد کےخلاف کارروائی ہونی چاہیے۔

دریں اثنا اپنے بیان میں خواجہ آصف نے کہاسرائیکی صوبے پر نرم گوشہ،انتظامی یونٹ پرسندھو دیش کی بات ،پی پی کی دو رخی پالیسی کے پیچھے کچھ اور دیکھتا ہوں،مناسب وقت پر اپنے خدشات کی وضاحت کرونگا،اختیارات کی منتقلی 18ویں ترمیم کے ذریعے طے ہوئی مگر عمل نہیں ہوا، موجودہ نظام کو اختیارات کے ارتکاز نے متروک بنادیا ،صوبے یا انتظامی یونٹ جو مرضی لیبل لگالیں اختیارات کی منتقلی ناگزیر ہے۔