ملکی سیاست میں اہم پیشرفت، نئے انتخابات کی تیاریاں شروع کردی گئیں

اسلام آباد (مشرق نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ملک بھر میں نئے انتخابات کی تیاریاں شروع کردیں۔ الیکشن کمیشن نے دو سال پہلے ہی انتخابی سرگرمیوں کی تیاری شروع کردی جبکہ الیکشن کمیشن کا ملک بھر میں انتخابی افسران کا ڈیٹا بینک اپ ڈیٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے غیر معمولی طور پر دو سال قبل ہی انتخابی عملے کا ڈیٹا بینک بنانا شروع کردیا، الیکشن کمیشن نے صوبائی الیکشن کمشنرز کو مراسلہ ارسال کردیا۔

صوبائی حکام نے ضلعی الیکشن کمشنرز کو انتخابی عملے کا ڈیٹا بینک اپ ڈیٹ کرنے کی ہدایات جاری کیں، الیکشن کمیشن نے کہا کہ تمام سرکاری محکموں میں کام کرنے والے افسران و اہلکاروں کا ریکارڈ مرتب کیا جائے۔ تمام ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرز کو ڈیٹا بینک کی تکمیل کیلئے 10 روز کا وقت دیا گیا، خط کے متن میں کہا گیاکہ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرز 10 روز میں ڈیٹا بینک مکمل کرکے الیکشن کمیشن کو تصدیق بھجوائیں، انتخابی افسران کا اپ ڈیٹڈ ڈیٹا بینک آئندہ انتخابات میں بروقت اقدامات کیلئے استعمال ہوگا۔

الیکشن کمیشن نے ضلعی سطح پر انتخابی عملے کا ریکارڈ مکمل کرنے کی ہدایت کردی، الیکشن کمیشن نے پولنگ سٹیشنوں کی فہرست اپ ڈیٹ کرنے کا فیصلہ کیا۔ چاروں صوبوں کے تمام اضلاع میں موجودہ پولنگ اسٹیشنز کی تصدیق کی ہدایت جاری کی گئی، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرز کو نئے پولنگ سٹیشنوں کیلئے عمارتوں کی نشاندہی کا حکم دیا گیا، رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد میں اضافے کے پیش نظر اضافی پولنگ سٹیشن قائم ہوں گے۔

تمام اضلاع میں پولنگ سٹیشنوں کی موجودہ فہرست کا ازسرنو جائزہ لینے کی ہدایت کی گئی، نئے پولنگ سٹیشنوں کیلئے موزوں سرکاری و دیگر عمارتوں کی نشاندہی کی جائے گی۔