سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ امن کردار کے معترف،پاکستانی قیادت کو سلام

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس نے کہا ہے مشرق وسطیٰ میں امن کےلئے پاکستان کاکردار قابل تعریف ہے،مشکل حالات میں بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کیا،فلسطینیوں کو حق خودارادیت ملنے تک خطے میں پائیدار امن ممکن نہیں۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس میں انتونیو گوتریس نے کہا اقوام متحدہ پاکستان کو یکجہتی کا ذریعہ سمجھتا ہے،ایران تنازع پر مذاکرات کرانے پر پاکستانی قیادت کو سلام پیش کرتا ہوں،پاکستانی کوششوں سے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت ،جنگ بندی کی راہ ہموار ہوئی، فریق سفارت کاری کی طرف واپس آئے،پاکستان نے دہائیوں تک افغانوں کےلئے اپنے دروازے کھلے رکھے، یو این افغانوں کی باوقار واپسی کی حمایت کرتا ہے۔

سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے دہشتگردی و جائز سکیورٹی خدشات سے نمٹنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے پاکستانی عوام کی دہشتگردی کےخلاف جنگ میں استقامت ، حوصلے کو سراہتے ہیں،پاکستان نے تقسیم شدہ دنیا میں مشکل کام کرتے ہوئے زبردست سہولت کاری ،اعتبار قائم کرکے دکھایا۔

اسحاق ڈار نے کہا افغان سرزمین سے پاکستان کےخلاف دہشت گردی سے نمٹنے میں اقوام متحدہ،عالمی برادری کردار ادا کرے،پاکستان نے کئی دہائیوں تک لاکھوں افغان مہاجرین کیلئے دروازے کھلے رکھے، پاکستانیوں نے تحفظ ،سلامتی کے متلاشی افغانوں کےساتھ دستیاب وسائل بانٹے،پاکستان ریاستوں کی خودمختاری کا حامی ،47 سال بعد امریکہ ،ایران کو مذاکرات کی میز پر بیٹھایا،کشمیر کا مسئلہ یو این قراردادوں کے مطابق حل کرنا ضروری ہے، سفارتکاری کو کامیاب بنانے کا ہر ممکن موقع فراہم کیا جانا چاہیے۔

نائب وزیراعظم نے کہابھارت پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنا بند اور سندھ طاس معاہدے کی ذمہ داریاں پوری کرے،اقوام متحدہ کو عالمی تنازعات ،بحرانوں سے نمٹنے کےلئے مرکزی کردار ادا کرنا چاہیے،سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی عالمی قانون کی خلاف ورزی ہے۔