اسلام آباد:(بیورورپورٹ) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس کی ملاقات ،مسئلہ کشمیر، بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو التوا میں رکھنے اور افغانستان سے پیدا ہونےوالی دہشتگردی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں رہنماوں نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ ،درپیش سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کےلئے مختلف امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بین الاقوامی امن و سلامتی کےلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ ،اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان کی خدمات ،قربانیوں کو اجاگر ،انتونیو گوتریس کی قیادت میں امن، استحکام ،انسانی ہمدردی پر مبنی تعاون کے فروغ میں اقوام متحدہ کے کردار کو سراہا۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے دہشتگردی کےخلاف جنگ ،اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان ،مسلح افواج کی قربانیوں ،خدمات کو خراج تحسین پیش کیا،بین الاقوامی امن و سلامتی کےلئے پاکستان کے مسلسل عزم کا اعتراف کرتے ہوئے علاقائی تنازعات کے پرامن حل کےلئے کوششوں کوسراہا۔
دریں اثناسکیورٹی کونسل کے سٹیٹ سیکرٹری لیفٹیننٹ جنرل الیگزینڈر وولفوچ کی قیادت میںبیلاروس کے اعلیٰ سطح کے وفد نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی،علاقائی و عالمی سکیورٹی صورتحال ،پاکستان ،بیلاروس کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال،دوطرفہ دفاعی تعاون کے دائرہ کار کا جائزہ لیا گیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا پاکستان دفاع ،سکیورٹی شعبوں میں بیلاروس سے تعاون مزید بڑھانا چاہتا ہے،بیلاروس کی جانب سے پاکستان کے ساتھ دفاعی و سکیورٹی تعاون مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا، وفد نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔
فیلڈ مارشل ،انتونیو گوتریس ملاقات،مسئلہ کشمیر،افغان دہشتگردی پر تبادلہ خیال



















