کنگز میڈ (مشرق نیوز) جنوبی افریقہ کیخلاف ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ کے ابتدائی روز آسٹریلیا کی بیٹنگ لائن مشکلات سے دوچار رہی تاہم میٹ رینشا اور کپتان پیٹ کمنز کی ذمہ دارانہ بیٹنگ نے ٹیم کو مکمل تباہی سے بچا لیا۔ کنگزمیڈ میں خراب روشنی کے باعث کھیل ختم ہونے تک آسٹریلیا نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بنائے تھے۔
آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن نک میڈنسن کو بطور اوپنر میدان میں اتارنے کا تجربہ ناکام ثابت ہوا۔ تقریباً 10 سال بعد ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی کرنے والے میڈنسن 33 گیندوں پر کوئی رن بنائے بغیر آوٹ ہوگئے جبکہ ٹریوس ہیڈ بھی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔
مارنس لبوشین اور سٹیون سمتھ نے 60 رنز کی شراکت قائم کرکے اننگز کو سہارا دیا مگر دونوں کھلاڑی لنچ کے آس پاس پویلین واپس لوٹ گئے۔اسکے بعد ایلکس کیری، بیو ویبسٹر اور دیگر بلے باز بھی جنوبی افریقی بولرز کے سامنے زیادہ دیر مزاحمت نہ کرسکے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے مارکو جینسن، ویان مولڈر اور اینرک نورکیا نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ نورکیا نے ساڑھے تین سال بعد ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی کرتے ہوئے نمایاں کارکردگی دکھائی۔ دوسری جانب پانچویں نمبر پر بیٹنگ کیلئے آنے والے میٹ رینشا نے شاندار مزاحمت کی۔ انہوں نے 115 گیندوں پر ناقابل شکست 46 رنز بنائے جبکہ کمنز 63 رنز کی ناقابل شکست شراکت میں ان کے مضبوط ساتھی ثابت ہوئے۔ خراب روشنی کے باعث کھیل روکے جانے تک آسٹریلیا کی پوزیشن پہلے کے مقابلے میں بہتر ہوچکی تھی۔
پہلا ٹیسٹ میچ، جنوبی افریقہ کیخلاف آسٹریلیا مشکلات کا شکار



















