KPکے نامزد اضلاع میں ایریا ڈیویلپمنٹ سیکرٹریٹ قائم کرنے کاحکم


اسلام آباد: (بیورورپورٹ) خیبر پختونخوا کے نامزد اضلاع میں امن و امان، شہریوں کے تحفظ، بہتر طرز حکمرانی اور ترقی کو یقینی بنانے کےلئے ایریا ڈیویلپمنٹ سیکرٹریٹ (اے ڈی ایس) کے فوری قیام کا حکم دے دیا گیا۔

وفاقی حکمنامے کے مطابق ایریا ڈیویلپمنٹ سیکرٹریٹ ایریا ریپریزنٹیٹو و ڈیویلپمنٹ کونسل کی نگرانی میں کام کرےگا، اے آر ڈی سی نامزد اضلاع کی معزز شخصیات پر مشتمل ،سربراہی چیئرمین کریں گے، چیئرمین، وائس چیئرمین، ترجمان ،اراکین کی تقرری مقررہ طریقہ کار اور مدت کے مطابق کی جائے گی۔

نامزد اضلاع میں ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، لکی مروت، بنوں، باجوڑ، مہمند، خیبر، کرم، اورکزئی، شمالی وزیرستان، جنوبی وزیرستان اپر اور جنوبی وزیرستان لوئر شامل ہیں،ایڈیشنل چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا (نامزد اضلاع) ایریا ڈیویلپمنٹ سیکرٹریٹ کی سربراہی کریں گے یہی اہلکار اضلاع کے ایڈمنسٹریٹر بھی ہوں گے، نامزد اضلاع میں تعینات صوبائی حکومت کے افسر و دیگر اداروں کے اہلکار ایریا ڈیویلپمنٹ سیکرٹریٹ کے انتظامی و آپریشنل کنٹرول میں ہوں گے، مزید تعیناتیوں اور تبادلوں کا حکم ایڈمنسٹریٹر کی سفارش پر وزیراعظم وقتاً فوقتاً دے سکیں گے۔