لاہور چیمبر میں ای بز پورٹل پر آگاہی سیشن، ضلعی انتظامیہ کیساتھ ملکر کام کرنے پر اتفاق

لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر میں پنجاب حکومت کے ای بز پورٹل کے آگاہی سیشن کے موقع پر ضلعی انتظامیہ اور لاہور چیمبر نے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ آگاہی سیشن سے کمشنر لاہور نعمان یوسف، ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز،صدر لاہور چیمبر علی حسام اصغر ،سینئر نائب صدر سردار عثمان غنی، صدر چوہدری خادم حسین اور ایڈیشنل ڈائریکٹر پنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ حسیب چودھری نے خطاب کیا جبکہ لاہور چیمبر کے سابق نائب صدر میاں زاہد جاوید ،ایگزیکٹو کمیٹی اراکین مران علی زیدی،شہزاد محمود ،عدیل بابر خان،ساحر مشتاق ،محمد یاسین ،شہزاد علی شاہ،علی رضا حمادمحموداورطاہر منظور چوہدری ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر راﺅ رافع افضل، جائنٹ ڈائریکٹر پی بی آئی ٹی قمر نذیر و دیگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر ای بز پر ایک تفصیلی پریزنٹیشن بھی دی گئی۔ کمشنر لاہور نعمان یوسف نے کہا کہ لاہور کی معاشی صلاحیت سے بھرپور فائدہ اٹھانے کیلئے حکومت اور نجی شعبے کے درمیان مضبوط اشتراک، جدید ڈیجیٹل نظام، کاروبار دوست ماحول اور موثر انتظامی اقدامات ناگزیر ہیں۔کمشنر لاہور نے کہا کہ لاہور جیسے بڑے میٹروپولیٹن شہر ملکی معیشت کی ترقی کے اہم محرک ہوتے ہیں۔ شہروں میں بہتر انفراسٹرکچر، کاروباری سہولتوں اور اقتصادی بحالی کیلئے سازگار ماحول پیدا کرکے نہ صرف مقامی معیشت کو مضبوط بنایا جاسکتا ہے بلکہ قومی اقتصادی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کیا جاسکتا ہے۔ کمشنر لاہور نے کہا کہ کاروباری افراد کو مختلف محکموں سے این او سیز، رجسٹریشن، لائسنس اور سرٹیفکیشن کے حصول کیلئے متعدد مراحل سے گزرنا پڑتا ہے۔ اس عمل میں غیر ضروری تاخیر اور بار بار دفتری رابطے کاروباری سرگرمیوں کو متاثر کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل گورننس کے ذریعے ان مراحل کو آسان بنانے، غیر ضروری انسانی مداخلت کم کرنے اور سرکاری خدمات کی فراہمی تیز کی جاسکتی ہے۔ ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجازنے بھی لاہور چیمبر کی قیادت کے ساتھ تعاون کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ نئے خیالات، تجربات اور روایتی طریقہ کار سے ہٹ کر مسائل کے حل کی کوششیں معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتی ہیں۔ڈپٹی کمشنر لاہور نے بتایا کہ حکومت مختلف سرکاری خدمات کو آن لائن فراہم کرنے کیلئے کام کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری کو ان سہولتوں کے بارے میں آگاہ کرنا ضروری ہے، تاکہ وہ دستیاب آن لائن نظام سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھا سکے۔لاہور چیمبر کے صدر علی حسام اصغر نے کہا کہ لاہور چیمبر کے مطالبے پر لاک ڈاﺅن میں نرمی کرنے پر وزیراعلی پنجاب مریم نواز ، کمشنر لاہور نعمان یوسف، ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجازکے شکر گزار ہیں۔ انہوں کہا کہ لاہور کی معیشت کو وسعت دینے کیلئے صرف ڈسٹرکٹ اکانومی منصوبے تک محدود رہنے کے بجائے ”انویسٹ لاہور“ کے نام سے بھی منصوبے شروع ہونے چاہئیں، لاہور چیمبر ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر کاروباری برادری کو درپیش مسائل حل کرنے، کاروبار کرنے میں آسانی پیدا کرنے اور سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول فراہم کرنے کیلئے کام کرے گا۔صدر لاہور چیمبر نے کہا کہ دنیا کے مختلف ممالک میں ضلعی معیشت کو مضبوط بنانے کیلئے مخصوص علاقوں کی ایسی مصنوعات کی برآمدات کو فروغ دیا جاتا ہے جن میں وہ مہارت رکھتے ہیں۔ لاہور کیلئے بھی یہی طریقہ کار اپنایا جائے گا۔ سینئر نائب صدر سردار عثمان غنی نے کہا کہ کاروباری سرگرمیوں کا تسلسل برقرار رکھنا، معیشت کو وسعت دینا اور کاروبار کیلئے سازگار ماحول فراہم کرنا لاہور کی معاشی ترقی کیلئے اہم ہے۔انہوں نے توقع کا اظہار کیا کہ ضلعی انتظامیہ اور کاروباری برادری کے درمیان تعاون کے نتیجے میں شہر میں سرمایہ کاری، روزگار اور کاروباری سرگرمیوں کو مزید فروغ ملے گا۔سردار عثمان غنی نے کہا کہ لاہور کی معاشی ترقی کیلئے سرکاری اداروں اور کاروباری برادری کو مشترکہ طور پر کام کرنا ہوگا۔ نائب صدر چودھری خادم حسین نے کہا کہ ڈسٹرکٹ اکانومی اور انویسٹ لاہور جیسے منصوبوں، سرکاری خدمات کی ڈیجیٹلائزیشن، کاروباری شکایات کے مربوط نظام، جدید مارکیٹس، انفورسمنٹ میں شفافیت اور کاروبار دوست ماحول کے ذریعے شہر کی معاشی صلاحیت سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کیا جاسکتا ہے۔