جارحیت کاجواب دینے کیلئے تیار،زمینی حملہ امریکی فوج کیلئے تباہ کن ثابت ہوگا،ایران


تہران: (مشرق نیوز)جارحیت کاجواب دینے کیلئے مکمل تیار،زمینی حملہ امریکی فوج کیلئے تباہ کن ثابت ہوگا،پاسداران انقلاب فورس کے کمانڈر انچیف کے مشیر اعلیٰ بریگیڈیئر جنرل رضا نقدی نے خبردار کردیا۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے جنرل رضا نقدی نے کہاایران پر حملہ امریکی فوج کیلئے تباہ کن ثابت ہوگا، زمینی حملے کی باتیں امریکی میڈیا کا پروپیگنڈا ہیں، امریکہ نتائج جانتا اورایسے اقدام سے گریز کرے گا،حملے کی صورت میں بڑی تعداد میں امریکی فوجی گرفتار ہو سکتے ہیں،عراق ،افغانستان جنگوں پر امریکہ نے کھربوں ڈالر خرچ کیے لیکن ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، ایران اپنی دفاعی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد رکھتا ہے۔

پاسداران انقلاب کے ترجمان حسین محبی نے کہا ایران نے 40 روزہ جنگ کے بعد اب زیادہ جدید ہتھیار حاصل کرلیے ،نئے امریکی حملے غیر معقول بات ہوگی،ٹرمپ کو مڈٹرم الیکشنز سے پہلے ایک کامیابی درکار ،ایران کسی بھی نئی جارحیت کا جواب دینے کےلئے پہلے سے زیادہ طاقت کےساتھ تیار ہے۔

دریں اثنا ایرانی بحریہ کے اعلیٰ کمانڈر نے دھمکی دی اگر امریکی جنگی جہاز آبنائے ہرمز کے قریب آئے تو ڈبو دیا جائے گا،ایرانی فورسز امریکی جنگی جہازوں کی آبنائے ہرمز کے داخلی راستے کے قریب آمد کا انتظار کر رہی ہیں تاکہ نشانہ بنایا جا سکے۔