تربیت مکمل کرنیوالے ریسکیورز مختلف اضلاع میں تعینات ہونگے: سلمان رفیق

لاہور (اپنے رپورٹر سے) صوبائی وزیر برائے ایمرجنسی سروسز خواجہ سلمان رفیق اور مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب علی مصطفی ڈار نے ایمرجنسی سروسز اکیڈمی لاہور میں بیسک ریسکیو کورس-49 کی پاسنگ آوٹ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ پارلیمانی سیکرٹری ضیا ءاللہ شاہ اور سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے بھی شرکت کی۔ بیسک ریسکیو کورس-49 کے 446 ریسکیورزنے تربیت مکمل کی۔ پاس آوٹ ہونے والوں میں 430 مرد اور 16 خواتین ریسکیورز شامل ہیں۔ تربیت مکمل کرنے والے ریسکیورز پنجاب کے مختلف اضلاع میں خدمات انجام دیں گے ۔ صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے پاس آوٹ ہونے والے ریسکیورز کو مبارکباد پیش کی اورصوبائی وزیر ایمرجنسی سروسز پنجاب خواجہ سلمان رفیق اور مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب علی مصطفی ڈار نے ریسکیورز کی مہارتوں اور پریڈ کا معائنہ بھی کیا۔ سیکرٹری ایمرجنسی سروسز پنجاب ڈاکٹر رضوان نصیر نے پاس آوٹ ہونے والے مرد و خاتون ریسکیورز سے خدمت خلق کا حلف لیا- صوبائی وزیر ایمرجنسی سروسز پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق ریسکیو سروسز کی استعداد کار میں مسلسل اضافہ کیا جا رہا ہے۔ ایئر ایمبولینس اور موٹروے پر ایمرجنسی سروسز کا کریڈٹ بھی حکومت پنجاب کو جاتا ہے۔ ہمارے ریکسیوئرز نے عالمی سطح پر پاکستان کیلئے نیک نامی کمائی ہے، علی مصطفی ڈار ایک عظیم باپ اسحاق ڈار کے صاحبزاے ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ حالیہ اسرائیلی ایران جنگ میں ثالثی کے حوالے سے وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے مثالی کردار ادا کیا-انسراگ کی سرٹیفیکیشن ریسکیو 1122 کے اعلیٰ معیار کی زندہ مثال ہے۔ سیلاب 2025 میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے فرنٹ فٹ پر آکر تمام ریسکیو آپریشن کی قیادت کی۔ پاکستان کے دفاع کیلئے دشمن سے مقابلہ کرتے ہوئے جہاں پاک افواج اور پولیس کے جوانوں نے شہادتیں پائیں وہیں ریسکیورز بھی اپنی جانوں کو ہتھیلی پر رکھ کر خدمات سر انجام دیتے ہیں۔ ان عظیم بیٹے بیٹیوں کے انسٹرکٹرز کو بھی سلام پیش کرتے ہیں -یہ ریسکیو اکیڈمی پورے پاکستان کی اکیڈمی ہے-مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب علی مصطفی ڈار نے ریسکیورز کو پیشہ ورانہ تربیت مکمل کرنے پر مبارکباد دی-پنجاب کے 446 ریسکیورز کامیابی سے تربیت مکمل کرکے عملی میدان میں خدمات انجام دینے کیلئے تیار ہیں -16 خواتین ریسکیورز نے اس پیشہ ورانہ شعبے کا انتخاب کرکے ثابت کیا ہے کہ خواتین بھی مشکل ترین ذمہ داریاں ادا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ امید ہے کہ نئے ریسکیورز دیانت داری، پیشہ ورانہ مہارت اور جذبہ خدمت کے ساتھ عوامی اعتماد پر پورا اتریں گے- پارلیمانی سیکرٹری ضیاءاللہ شاہ نے 16 خواتین ریسکیورز کی کامیابی کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہاکہ خواتین ریسکیورز دیگر نوجوان خواتین کیلئے بھی مثال بنیں گی-ریسکیو 1122 کی اصل طاقت اس کے تربیت یافتہ ریسکیورز ہیں -سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے پاس آوٹ ہونے والے ریسکیورز کو مبارکباد پیش کی۔ ڈاکٹر رضوان نصیر نے کہاکہ 2005 کے زلزلے کے بعد پاکستان میں عالمی معیار کی سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم بنانے کا عزم کیا تھا-پاکستان ریسکیو ٹیم نے 2015 میں اقوام متحدہ سے رجسٹریشن حاصل کی۔