پشاور (مشرق نیوز) خیبر پختونخوا میں ٹیرر کرائم گٹھ جوڑ بے نقاب ہو گیا، پولیس پر حملے میں ملوث جہنم واصل دہشت گرد افغان شہری نکلا۔ خیبر پختونخوا میں گذشتہ صوبائی حکومت کی سرپرستی میں جاری غیر قانونی گولڈ مائننگ اور دہشت گردی کے گٹھ جوڑ کے اہم شواہد سامنے آگئے۔
11 نومبر کو کوہاٹ میں غیرقانونی گولڈ مائننگ مافیا کیخلاف کارروائی کے دوران فتنہ الخوارج کے دہشت گرد حملہ میں پولیس کے بہادر جوان شہید ہوئے تھے۔ انٹیلی جنس ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں ہلاک فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں میں سے ایک کی شناخت بطور افغان شہری مکمل جبکہ چار کی شناخت کا عمل جاری ہے، شناخت کئے گئے افغان دہشت گرد کی پرانی تصویر کابل میں افغان طالبان سرغنہ کے پرسنل گارڈ کے طور پر ہوئی، جبکہ دیگر دہشت گردوں کی تصاویر اور دستیاب معلومات کا تجزیہ کرکے ان کی شناخت کیلئے بھی انٹیلی جنس بنیادوں پر کام جاری ہے۔
دوسری جانب گورنر خیبر پختونخوا نے بھی دعویٰ کیا ہے کہ خیبر پختونخوا میں ہونے والی غیر قانونی مائننگ کا 80 فیصد حصہ افغانستان جا رہا تھا۔ کوآرڈینٹر وزیراعظم اختیار ولی نے بھی سابق صوبائی حکومت کی سرپرستی میں افغان طالبان کمانڈرز کو یوتھ کمیٹی میں شامل کرکے غیر قانونی گولڈ مائننگ میں استعمال کیے جانے کا انکشاف کیا۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گرد عناصر غیر قانونی کان کنی میں ملوث افراد سے ماہانہ 7 لاکھ روپے جبکہ بیرونِ علاقے سے آنے والے مائنرز سے 11 لاکھ روپے بھتہ وصول کرتے تھے۔
سکیورٹی تجزیہ کاروں کے مطابق شواہد سے ثابت ہوتا ہے کہ خیبر پختونخوا کی گذشتہ حکومت، فتنہ الخوارج اورافغان طالبان خیبرپختونخوا میں غیرقانونی گولڈ مائننگ میں ملوث رہے ہیں، جبکہ موجودہ صوبائی حکومت کے افغان سرپرستی میں دہشت گرد تنظیم فتنہ الخوارج کے خلاف اقدامات عوامی وسائل کو لوٹنے والوں کیلئے دوٹوک پیغام ہیں۔
خیبر پختونخوا میں ٹیرر کرائم گٹھ جوڑ بے نقاب، ہلاک دہشت گرد افغان شہری نکلا
















