بدعنوانی میں ملوث پولیس اہلکاروں کیخلاف کارروائیاں

لاہور (مرزا ندیم بیگ) شہر میں شہریوں کو ہراساں کرنے، رشوت طلب کرنے، اختیارات کے ناجائز استعمال اور دیگر بدعنوانیوں میں ملوث لاہور پولیس کے اہلکاروں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ پولیس ریکارڈ کے مطابق سال 2026ءکے پہلے آٹھ ماہ کے دوران پولیس اہلکاروں کے خلاف 40 مقدمات درج کیے گئے، جن میں مختلف عہدوں کے 76 اہلکار نامزد ہوئے۔ مقدمات میں سات سب انسپکٹرز، 22 اسسٹنٹ سب انسپکٹرز جبکہ 47 ہیڈ کانسٹیبل اور کانسٹیبل شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق پولیس اہلکاروں کے خلاف درج ہونے والے مقدمات میں مالی بدعنوانی، ناقص تفتیش، اختیارات سے تجاوز، سائلین کو ہراساں کرنے اور مختلف جرائم میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کے الزامات شامل ہیں۔ ڈویڑن کی سطح پر ماڈل ٹاو¿ن میں نو، صدر میں آٹھ، سٹی میں سات، کینٹ میں چھ جبکہ سول لائنز اور اقبال ٹاون میں پانچ پانچ مقدمات درج کیے گئے۔دوسری جانب پولیس میں احتسابی کارروائیوں کے دوران اہلکاروں کو معطل کرنے، عہدوں سے ہٹانے، تنزلی اور دیگر محکمانہ سزائیں دینے کے اقدامات بھی کیے گئے ہیں۔ ستمبر 2026ئ میں سامنے آنے والی ایک رپورٹ کے مطابق پنجاب بھر میں کرپشن کے الزامات پر 210 پولیس اہلکاروں کو عہدوں سے ہٹایا گیا، جن میں لاہور کے 42 اہلکار شامل تھے۔ تاہم عہدوں سے ہٹائے جانے والے تمام اہلکاروں کی ملازمت سے برطرفی مراد نہیں، بلکہ ان کے خلاف مختلف نوعیت کی محکمانہ کارروائیاں کی گئی تھیں۔اس سے قبل لاہور پولیس کی جانب سے جاری کردہ احتسابی اعدادوشمار کے مطابق 11 ماہ کے دوران 355 افسران اور اہلکاروں کو کرپشن، اختیارات کے ناجائز استعمال، بدعنوانی اور فرائض میں غفلت پر محکمانہ سزائیں دی گئی تھیں، جن میں 17 اہلکاروں کو ملازمت سے برطرف کیا گیا، دو کلرکوں کو جبری ریٹائر جبکہ آٹھ اہلکاروں کی تنخواہوں میں کٹوتی کی گئی تھی۔پولیس حکام کے مطابق کرپشن اور اختیارات سے تجاوز کرنے والے اہلکاروں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔ آئی جی پنجاب کی جانب سے بھی واضح کیا گیا ہے کہ بدعنوانی، اختیارات کے ناجائز استعمال اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور انکوائری میں الزامات ثابت ہونے پر قواعد کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔تاہم پولیس اہلکاروں کے خلاف درج مقدمات، گرفتاریوں، ملازمت سے برطرفیوں، معطلیوں اور انکوائریوں کے بعد دوبارہ ڈیوٹی پر بحال کیے جانے والے اہلکاروں کی گزشتہ ایک سال کی مکمل تفصیلات تاحال ایک جامع ریکارڈ کی صورت میں سامنے نہیں آ سکیں۔ شہری حلقوں کی جانب سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال میں ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائیوں کو شفاف بنایا جائے اور مقدمات درج ہونے کے بعد انہیں محکمانہ اثرورسوخ کے ذریعے دوبارہ اہم عہدوں پر تعینات کرنے کے معاملات کی بھی جانچ پڑتال کی جائے