راولاکوٹ ،شرپسندوں کی فائرنگ سے زخمی سندھ رینجرز کے نائیک شہید


اسلام آباد:(بیورورپورٹ) راولاکوٹ میں 5 نومبر کو کالعدم تنظیم کے شرپسندوں کی فائرنگ سے زخمی ہونےوالے سندھ رینجرز کے نائیک بوستان خان شہید ہوگئے۔

ترجمان آزاد کشمیر پولیس کے مطابق شہید نائیک بوستان خان کا تعلق ضلع کوہاٹ سے ہے،امن و امان کے قیام کی معاونت کےلئے تعینات تھے،افسوسناک واقعہ ایک بار پھر مسلح عناصر کے پرتشدد طرز عمل کو ظاہر کرتا ہے جو عوامی حقوق کی آڑ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مسلسل نشانہ بنا رہے اور خطے کے امن و استحکام کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔

اپنے بیان میںترجمان پولیس نے کہا آزاد کشمیر پولیس نائیک بوستان خان کی شہادت پر گہرے دکھ ، افسوس کا اظہار کرتی اور شہید کے اہلخانہ سے دلی تعزیت کرتی ہے،بزدلانہ کارروائیاں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوصلے پست نہیں کر سکتیں، ریاست عوام کے تحفظ، امن و امان کی بحالی اور قانون کی عمل داری کو ہر صورت یقینی بنانے کےلئے پرعزم ہے، قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں پر حملوں میں ملوث عناصر کو قانون کے مطابق انصاف کے کٹہرے میں لایا جائےگا۔.