ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کیلئے 50 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دیدی

اسلام آباد (مشرق نیوز) پاکستان کے وفاقی پنشن نظام میں اصلاحات کیلئے ایشیائی ترقیاتی بینک نے 50 کروڑ ڈالرقرض کی منظوری دےدی،قرض کی رقم پنشن نظام کو پائیدار بنانے اور قومی خزانے پر اخراجات کا دباو کم کرنے کیلئے استعمال کی جائیگی۔ اے ڈی بی کے مطابق پاکستان کے سالانہ پنشن اخراجات ایک ہزار ارب روپے سے تجاوز کرچکے ہیںجبکہ 2016 سے اب تک وفاقی پنشن اخراجات میں تقریباً پانچ گنا اضافہ ہوا ہے۔

اے ڈی بی کا قرض پنشن اصلاحاتی منصوبے کے پہلے مرحلے پر خرچ ہوگا جس کے تحت جولائی 2024 سے بھرتی ہونے والے وفاقی ملازمین کیلئے نئی پنشن سکیم لازمی قرار دی گئی ہے۔نئی سکیم کے تحت ملازمین اور حکومت دونوں پنشن فنڈ میں اپنا حصہ جمع کرائیں گے جبکہ پنشن نظام کو جدید بنانے کیلئے ڈیجیٹل نظام بھی متعارف کرایا جائیگا۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کے مطابق اصلاحات کے ذریعے پنشن معاملات میں شفافیت، انتظامی نظام اور پنشنرز کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کو بہتر بنایا جائیگا۔ اے ڈی بی کاکہنا ہے کہ پنشن اخراجات میں بچت سے ترقیاتی اور عوامی فلاح کے منصوبوں کیلئے مزید وسائل دستیاب ہوسکیں گے۔