غلط معلومات پرمذاکرات فوری ختم ہوں گے،ٹرمپ کی دھمکی


واشنگٹن: (بیورورپورٹ)امریکی سینٹ نے ایران کیخلاف فوجی کارروائی روکنے کی قرار داد منظور کر لی،قرارداد کے حق 50،مخالفت میں 48ووٹ پڑے۔

واشنگٹن ڈی سی میں قائم تنظیم جسٹ فارن پالیسی نے ایران کےخلاف جنگ کے خاتمے کی مشترکہ قرارداد کو تاریخی جنگ مخالف سنگ میل قرار دےدیا،ایوان نمائندگان کی خارجہ امور کمیٹی میں ڈیموکریٹ رہنما گریگوری میکس نے کہا قرارداد قانونی طور پر پابند ،عملدرآمد ضروری ہوگا، چاہے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کچھ بھی کہیں۔

ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ووٹنگ کو بے معنی قرار دیتے ہوئے کہامیں نے ایران کو مکمل دباو میں لے رکھا ،شکست کے دہانے پر کھڑا ایران عملی طور پر ہر وہ چیز دینے پر آمادہ ہے جو چاہتے ہیں، کئی دہائیوں میں پہلی بار ایران امریکہ ،صدر کو بھرپور احترام دے رہا ہے،سینٹ نے بے وقت ،بے معنی وار پاورز ایکٹ ووٹ کرایا،ایران کو پیغام دیا امریکہ میری کارروائیوں کو پسند نہیں کرتا، سینٹ کااقدام دشمن کی مدد اور حوصلہ افزائی ہے۔

ٹرمپ نے کہا4 ریپبلکن سینیٹرز ، ناکام سیاست دانوں نے ڈیموکریٹس کا ساتھ دیا، سینیٹرز نے میرا کام مزید مشکل بنا دیا ،اپنا کام ہر ممکن طریقے سے مکمل کر کے رہوں گا، اپنے اہداف ہر صورت حاصل کرونگا۔

علاوہ ازیں اپنے ایک اور بیان میں امریکی صدر نے کہاغلط معلومات پرمذاکرات فوری ختم کردیئے جائیں گے،ایران نے امریکہ کو آگاہ کیا آبنائے ہرمز میں جہازوں سے ٹول ٹیکس نہ ہی انشورنس فیس وصول کی جا رہی ہے،معلومات غلط ثابت ہوئیں تو مذاکرات فوری طور پر ختم ہوں گے،ایران کے بعض منجمد فنڈز مکمل طور پر امریکی کنٹرول میں ہیں ،رقم امریکی کسانوں کو ادائیگی کےلئے استعمال کرینگے،ایران منجمد فنڈز کے ذریعے امریکہ سے مکئی، گندم، سویابین و دیگر غذائی اجناس خرید سکتا ہے،ایران کو خوراک کی شدید ضرورت ،خریداری صرف امریکہ سے ہی کی جائے گی