لاہور: (نمائندہ خصوصی)پنجاب حکومت نے سرٹیفائیڈ سکلڈ ورک فورس کی ایکسپورٹ شروع کر دی۔
وزیر اعلیٰ مریم نوازکے ویژنری پروگرام” پرواز کارڈ“ سے پنجاب کے 5 لاکھ بچوں کی تقدیربدل جائےگی،مریم نواز نے پرواز کارڈ پروگرام سے تربیت مکمل کرکے بیرون ملک جانے والے نوجوانوں سے الوداعی ملاقات کی،کامیاب نوجوانوں نے شاندار اقدامات پر وزیراعلیٰ مریم نواز کو کھڑے ہو کر زبردست خراج تحسین پیش کیا، ”پرواز کارڈ“ کے تحت بیرون ملک جانے والے پنجاب بھر کے 135 نوجوانوں نے تقریب میں شرکت کی۔
مریم نواز نے الوداعی ملاقات میں بچوں سے جذباتی گفتگو کرتے ہوئے کہا ماں کی طرح دعا دے کر رخصت کر رہی ہوں، بیرون ملک روزگار کےلئے جانےوالے نوجوان صرف ملازمین نہیں بلکہ پاکستان کے سفیر ہوں گے ،دنیا بھر میں ملک کا مثبت تشخص اجاگر کرنا ہے،مجھے امید ہے آپ بیرون ملک بھی محفوظ رہیں گے اور اپنے ملک کا نام روشن کریں گے۔
پنجاب ٹاسک فورس برائے سکل ڈویلپمنٹ کے چیئرمین عدنان افضل چٹھہ نے وزیراعلیٰ کو بریفنگ دیتے ہوئے کہاپرواز کارڈ پروگرام کے تحت 135 نوجوانوں کی سعودی عرب میں مختلف شعبوں میں ملازمتوں کےلئے تقرری یقینی بنائی گئی ، ہاسپیٹیلٹی، ہیلتھ کیئر، تعمیرات و دیگر شعبے شامل ہیں،پرواز کارڈ کے کامیاب امیدواروں نے کہا گھر کا خرچ پورا کرنے کےلئے ڈبل جاب سے بھی اخراجات پورے نہیں ہوتے تھے،اپنے پاوں پر کھڑا کرنے اور بین الاقوامی روزگار دینے پر وزیراعلیٰ مریم نواز کا دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں،مریم نواز نے کامیاب امیدواروں میں”پرواز کارڈ“ تقسیم کیے ،طلبہ کےساتھ گروپ فوٹوبھی بنوائی۔
بیرون ملک جانے والے پاکستان کے سفیر ہوں گے، مریم نواز



















