اسلام آباد (مشرق نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری نے یومِ استحصالِ کشمیر پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار اور منصفانہ امن کا قیام تنازع جموں و کشمیر کے پرامن حل سے جڑا ہے، مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہیں۔
بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی قانونی حیثیت کو یکطرفہ تبدیل کرنے کے غیرقانونی عمل کو 7 برس مکمل ہوگئے، آج سرحد کے دونوں اطراف اور دنیا بھر میں رہنے والے کشمیری یومِ استحصال منائیں گے۔
یوم استحصال کشمیر پر صدر زرداری نے پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کی بہادری اورحق خود ارادیت کیلئے ان کی منصفانہ جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، آج بھارت کے 5 اگست 2019 کے غیرقانونی اور یکطرفہ اقدامات کو 7 برس مکمل ہو چکے ہیں۔
علاوہ ازیں وزیر اعظم شہباز شریف نے یوم استحصال کشمیر پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ علاقے کے آبادیاتی تناسب کو تبدیل کرنے کی مکروہ کوششوں کو مزید تیز کیا، مقبوضہ کشمیرمیں سیاسی قیادت کو دبانا،شہری آزادیوں پر قدغنیں، آزاد ذرائع ابلاغ پرپابندیاں باعث تشویش ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ تمام مشکلات کے باوجود کشمیری عوام کاحوصلہ، استقامت اور ثابت قدمی آج بھی غیرمتزلزل ہے، تنازع کشمیر جنوبی ایشیامیں امن واستحکام کیلئے سب سے بنیادی اور دیرینہ حل طلب مسئلہ ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی برادری کو محض تشویش کے اظہار تک محدود رہنے کے بجائے تنازع کے منصفانہ دیرپا حل کیلئے ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا ہوگا، جموں و کشمیرکے تنازعہ کا منصفانہ اور پرامن حل پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے۔ پاکستان کشمیری عوام کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت ہر سطح پر جاری رکھے گا۔
جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا قیام کشمیر کے پرامن حل سے جڑا ہے: صدر/ وزیراعظم

















