بڑا امریکی بحری بیڑہ ایران کے قریب ،محدودحملے کاسوچ رہا ہوں،ٹرمپ

واشنگٹن،تہران:(بیورورپورٹ)حملے کی تیاری، دنیا کا سب سے بڑا امریکی بحری بیڑہ ایران کے قریب پہنچ گیا، صدر ٹرمپ نے محدود کارروائی کاعندیہ دے دیا۔

عالمی خبررساں ادارے کے مطابق دنیا کا سب سے بڑا امریکی طیارہ بردار بحری بیڑہ یو ایس ایس گیرالڈ آر فورڈ بحیرہ روم میں داخل ہوگیا،دفاعی حکام نے کہابحری جہاز کو مشرق وسطیٰ پہنچنے میں مزید چند دن لگیں گے اورایران کےخلاف ممکنہ آپریشنز کےلئے تیار حالت میں موجود ہوگا،ادھر صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ایران کےخلاف محدود فوجی کارروائی پر غور کر رہے ہیں۔

قبل ازیں امریکی اخبار وال سٹریٹ جرنل نے انکشاف کیا صدر نے ایران کےخلاف محدود فوجی حملے پر غور شروع کردیا،حملے میں ایرانی فوجی یا سرکاری مقامات کو نشانہ بنایا جاسکتا ہے،محدود حملے پر غور کامقصد ایران کو جوہری معاہدے پر مجبور کرنا ہے، ایران نے معاہدے کو قبول نہ کیا تو حملے کو وسیع جنگ تک بڑھایا جا سکتا ہے۔

دوسری جانب ایران نے امریکی جارحیت کی صورت میں فیصلہ کن جواب سے خبردار کردیا،اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مشن نے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کو لکھے خط میں کہاجنگ نہیں چاہتے اگر حملہ کیا گیا تو اپنے دفاع میں بھرپور اور فیصلہ کن کارروائی کریں گے،مخالف قوتوں کے فوجی اڈوں، تنصیبات و دیگر اثاثوں کو جائز ہدف تصور کیا جائےگا۔