اسلام آباد، راولپنڈی، جدہ، تہران: (بیورو رپورٹ+ مشرق نیوز) ثالثی مشن، وزیراعظم سعودیہ، فیلڈ مارشل کی ایران پرواز، پرتپاک استقبال، خطے میں امن کیلئے مذاکرات کے دوسرے دور پر تبادلہ خیال کیا جائیگا۔
شہبازشریف اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ سعودی عرب پہنچے، جدہ پہنچنے پر شہزادہ سعود بن مشعال بن عبدالعزیز نائب گورنر مکہ ریجن، سعودی عرب کے پاکستان میں سفیر نواف بن سعید المالکی اور سعودی عرب میں پاکستانی سفیر احمد فاروق نے پرتپاک استقبال کیا۔
وزیراعظم آفس کے مطابق وزیر اعظم کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے دوطرفہ ملاقات ہوگی جس میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ ، خطے کی صورتحال سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جائےگا۔
دفتر خا رجہ نے کہا کہ وزیراعظم قطر، ترکیہ بھی جائیں گے، اہم ملاقاتوں میں دوطرفہ تعاون کےساتھ خطے میں امن و سلامتی کے امور زیربحث آئیں گے، شہبازشریف 5 ویں انطالیہ ڈپلومیسی فورم میںاہم عالمی و علاقائی امور پر پاکستان کا موقف پیش کریں گے۔
دریں اثنا آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیر داخلہ محسن نقوی اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ تہران پہنچے، ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی و دیگر حکام نے پرتپاک استقبال کیا، پاکستانی وفد ایران امریکہ جنگ بندی مذاکرات کیلئے سفارتی و ثالثی کوششوں کے سلسلے کو آگے بڑھائے گا، دورہ خطے میں جاری کشیدگی کے خاتمے اور امن کے قیام کیلئے پاکستان کی مسلسل سفارتی کاوشوں کا حصہ ہے۔
ادھرایرانی میڈیا کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں اعلیٰ سطح کا وفد ایرانی حکومت کے اعلیٰ ترین حکام سے ملاقات کریگا، مذاکرات کے دوسرے دور کی تیاری پر تبادلہ خیال کیا جائیگا، آئی آر آئی بی نیوز ایجنسی کے مطابق امریکہ ، ایران کے درمیان جنگ بندی مذاکرات کا دوسرا دور آئندہ چند دنوں میں پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں ہونے کا امکان ہے۔
ثالثی مشن، وزیراعظم شہبازشریف سعودی عرب، فیلڈ مارشل کی ایران پرواز،پرتپاک استقبال


















