سعودی عرب نے 3 ارب ڈالر ڈپازٹ رول اوور کر دیئے، معاہدے پر دستخط


واشنگٹن :(بیورورپورٹ) سعودی عرب نے پاکستان میں رکھے 3 ارب ڈالر ڈپازٹ رول اوور کردیئے،سٹیٹ بینک ، سعودی فنڈ برائے ترقی میں باقاعدہ معاہدہ طے پا گیا، سعودی عرب کی جانب سے سعودی فنڈ کے چیف ایگزیکٹو ،سٹیٹ بینک کی طرف سے گورنر جمیل احمد نے دستخط کئے۔

وزیرخزانہ اورنگزیب نے کہا معاہدہ پاک سعودی عرب مضبوط اقتصادی تعلقات کا عکاس ،بیرونی مالی استحکام کومزید تقویت ملے گی۔

دریں اثنا سینیٹر اورنگزیب نے ورلڈ بینک،آئی ایم ایف کے بہار اجلاس 2026 کے موقع پر جے پی مورگن کے زیر اہتمام ”پاکستان، معاشی و مالیاتی پالیسی کا جائزہ“کے عنوان سے منعقدہ سرمایہ کاری سیمینار میں شرکت کی اور ملکی معاشی صورتحال پر عالمی سرمایہ کاروں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا پاکستان تمام بیرونی مالی ذمہ داریاں بروقت پوری کرےگا، پانڈا بانڈ کا اجرا مالی وسائل کو متنوع بنانے کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔

علاوہ ازیں وزیر خزانہ نے موڈیز کے نمائندگان ،چینی ہم منصب،اوپیک فنڈ کے سربراہ ودیگر سے ملاقاتیں کیں اورآئی ایم ایف پروگرام کی پیشرفت سے آگاہ کرتے ہوئے کہاسٹاف لیول معاہدہ مکمل ہو چکا ،منظوری مئی کے آغاز میں متوقع ہے،پاکستان نے 1.4 ارب ڈالر کا یورو بانڈ ادا کر دیا ،سعودی عرب کی اضافی معاونت سے بیرونی مالی پوزیشن مضبوط ہوگی۔