لاہور (مشرق نیوز) شیخ زاید ہسپتال لاہور نے طبی شعبے میں ایک اہم سنگِ میل عبور کرتے ہوئے پنجاب کے پبلک سیکٹر میں پہلی بار روبوٹک طریقے سے گھٹنے کی کامیاب تبدیلی (روبوٹک ٹوٹل نی آرتھروپلاسٹی) انجام دیدی۔ ذرائع کے مطابق اس کامیابی کے ساتھ شیخ زاید ہسپتال جدید روبوٹک ٹیکنالوجی استعمال کرنے والا پہلا سرکاری ہسپتال بن گیا ہے۔
یہ جدید سرجری پروفیسر ڈاکٹر واصف علی شاہ نے انٹرنیشنل ریچ کے اشتراک سے انجام دی جس کے ذریعے مریض کو عالمی معیار کی محفوظ، موثر اور انتہائی درست طبی سہولت فراہم کی گئی۔ اس موقع پر ڈاکٹر حاطف اقبال نے کہا کہ سرکاری شعبے میں جدید طبی ٹیکنالوجی کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے، جبکہ چیئرپرسن پروفیسر ڈاکٹر عائشہ ہمایوں کی قیادت میں شیخ زاید ہسپتال مسلسل جدید طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق روبوٹک سرجری کے ذریعے گھٹنے کی تبدیلی روایتی طریقہ علاج کے مقابلے میں زیادہ درست، محفوظ اور موثر ثابت ہوتی ہے، جس سے مریض کی جلد صحت یابی اور بہتر نتائج کی توقع کی جاتی ہے۔
اس کامیاب آپریشن میں شعبہ آرتھوپیڈکس، اینستھیزیا، ریڈیالوجی اور آپریشن تھیٹر کی ٹیم نے بھی اہم کردار ادا کیا۔
دوسری جانب شیخ زاید ہسپتال کی یہ کامیابی نہ صرف سرکاری ہسپتالوں دمیں جدید آرتھوپیڈک سرجری کے فروغ کی جانب اہم پیشرفت ہے بلکہ عوام کو عالمی معیار کا جدید، محفوظ اور معیاری علاج فراہم کرنے کے عزم کا بھی مظہر ہے۔
شیخ زاید ہسپتال لاہور میں پہلی کامیاب روبوٹک گھٹنے کی سرجری



















