حکومت تعلیمی اداروں میں جدید معیاری سہولیات کیلئے اقدامات کر رہی ہے:کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بےورورپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے ڈی پی ایس ساہیوال کے جونیئر بوائز کیمپس کا دورہ کیا اور وہاں جاری رینوویشن کے کام کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر پرنسپل اکبر علی اور متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے جاری تعمیراتی کام کا معائنہ کرتے ہوئے ہدایت کی کہ منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے اور تعمیراتی کام میں اعلیٰ معیار کا میٹریل استعمال کیا جائے تاکہ پائیدار اور معیاری نتائج یقینی بنائے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب تعلیمی اداروں میں جدید اور معیاری سہولیات کی فراہمی کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ طلبہ و طالبات کو معیاری تعلیم کے ساتھ محفوظ، بہترین اور سازگار تعلیمی ماحول کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ وہ یکسوئی کے ساتھ اپنی تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھ سکیں۔