معرکہ حق میں عظیم فتح کو ایک سال مکمل ہونے پرکراچی سے خیبر تک جشن، ملک بھر میں ریلیاں

اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ: (بیورو رپورٹ) معرکہ حق میں عظیم فتح کو ایک سال مکمل ہونے پرکراچی سے خیبر تک جشن، ملک بھر میں ریلیاں، جی ایچ کیو میں پروقار تقریب اتوار کو ہوگی، فیلڈ مارشل مہمان خصوصی ہوں گے۔

شہر شہر، قریہ قریہ ریلیاں نکال کر پاک فوج کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا، تقاریب میں اقلیتی برادری سمیت ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی، شرکا کا جوش وخروش دیدنی، فضا پاکستان زندہ باد، پاک فوج زندہ کے نعروں سے گونجتی رہی۔ سینٹرل جیل حیدر آباد میں ملی نغموں پر اہلکاروں، قیدیوں نے رقص کیا۔

شرکا نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت پر مکمل اعتماد، عوام اور فوج ایک پیج پر ہیں، دشمن کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیں گے۔ مظفر آباد، میرپور، بھمبر سمیت آزاد کشمیر میں بھی شاندار فتح کا جشن منایا گیا۔

ادھر جی ایچ کیو راولپنڈی میں تقریب اتوار کو ہوگی، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر مہمان خصوصی ہوں گے۔ سربراہ پاک فضائیہ ایئر مارشل ظہیر بابر سدھو، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف بھی تقریب میں شرکت کریں گے۔ تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے سلامی پیش، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر خطاب کریں گے۔ تقریب کے مہمان خصوصی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، سربراہ فضائیہ اور ائر چیف یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائیں گے۔