اسلام آباد (بیورورپورٹ)وزیر اطلاعات عطاتارڑ نے معرکہ حق کی فتح کا ایک سال مکمل ہونے پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے ”معرکہ حق “میں فتح کے بعد دنیا پاکستان کو سنجیدہ و مضبوط ملک کے طور پر دیکھ رہی ہے، ”معرکہ حق “قومی عزم، جذبے ، ویژن کی علامت ، بیانیے کی جنگ میں حقائق و سچ اہمیت رکھتے ہیں، بھارتی حکومت نے سچائی کے خوف سے پاکستانی یوٹیوب چینلز پر پابندیاں عائد کیں،پاکستان نے انڈین چینلز پر پابندی کی بجائے ڈیجیٹل حکمت عملی بدلی،ان خیالات کااظہار انہوں نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
عطا تارڑ نے کہا پاکستان کو بیانیہ، سفارتی اور عسکری محاذ پر منفرد کامیابی ملی، بھارت کے بڑے بڑے دعوے چند گھنٹوں میں ہی بے بنیاد ثابت ،غرور خاک میں مل گیا، پاک فضائیہ ،ایئر ڈیفنس سسٹم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور عالمی سطح پر پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا لوہا منوایا، دشمن کو چند گھنٹوں میں ہی پسپائی اور سیز فائر کےلئے خود رابطہ کرنا پڑا۔
وزیر اطلاعات نے کہا بھارت نے ماضی میں بھی متعدد فالس فلیگ آپریشنز کئے ،ہمیشہ دہشتگردی کو فروغ دیا، سرحدوں سے ماورا جارحیت ،مختلف ممالک میں ہونےوالی ٹارگٹ کلنگ اور قتل کی کارروائیاں دنیا کے سامنے ہیں، جموں و کشمیر تنازع بین الاقوامی مسئلہ ،سلامتی کونسل قراردادوں کے مطابق استصواب رائے ہونا چاہئے،ہمیشہ امن کو ترجیح دی لیکن کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔
”معرکہ حق “قومی عزم کی علامت،بھارت دہشتگردوں کاسرپرست ہے،عطا تارڑ



















