اسلام آباد (مشرق نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے عراق کے نئے وزیراعظم علی الزیدی کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ وہ اپنے بھائی علی الزیدی کو عراق کا وزیراعظم مقرر ہونے پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان عراق کی نئی حکومت کیساتھ قریبی تعاون کا خواہاں ہے۔ وزیراعظم نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ پاکستان اور عراق کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے، خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے مشترکہ اہداف کے حصول کیلئے ملکر کام کیا جائیگا۔ انہوں نے عراق کے نئے وزیراعظم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے تعلقات آنے والے دنوں میں مزید مضبوط ہوں گے۔
عراق کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرینگے: وزیراعظم شہبازشریف



















