ایک سو نوے ملین پاونڈ کیس، عدالت کا عمران، بشریٰ کی اپیلیں سننے کا فیصلہ، تاریخ مقرر

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) اسلام آباد ہائیکورٹ نے 190 ملین پاونڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی کی سزا معطلی کی درخواست نمٹا دی،عدالت نے کیس کی مرکزی اپیلیں سننے کےلئے 7 مئی کی تاریخ مقرر کر دی ، سماعت چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ کرے گا، عدالت نے عمران ، بشریٰ کی سزا معطلی کی درخواستیں پہلے سننے کی استدعا بھی مسترد کر دی،عدالتی فیصلے میں کہا گیا جب مرکزی اپیلیں مقرر ہو چکی ہیں تو سزا معطلی کی درخواستیں غیر موثر ہو جاتی ہیں لہٰذا بشریٰ کی سزا معطلی کی درخواست بھی اسی بنیاد پر نمٹا دی گئی،دوسری جانب عدالت نے بشریٰ تک ذاتی معالج کی رسائی اور فیملی ملاقات متعلق درخواست پر سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو 2 روز میں بیٹی کی درخواست پر فیصلہ کرنے کا حکم دیدیا،اسلام آباد ہائیکورٹ نے حکم دیا سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل وجوہات کےساتھ آرڈر پاس کریں گے، عدالت نے 6 مئی کو سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا،مزید بر آں اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی کا ایکس اکاونٹ بند کرنے کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا،دوران سماعت سلمان اکرم راجہ نے کہاکیس میں جیل حکام کے ابھی تک میرا وکالت نامہ دستخط کرا کے نہیں دیا، کیس کو بغیر پیروی بھی نہیں چھوڑنا چاہتے ہیں، جسٹس ارباب طاہر نے ریمارکس دئیے سب کے پیراوائز کمنٹس آچکے ہیں،دوران سماعت بانی پی ٹی آئی سے وکیل کی ملاقات نہ کرانے پر توہین عدالت کیس میں بھی جیل حکام سے جواب طلب کر لیا گیا، بعد ازاں عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت ایک ہفتے کےلئے ملتوی کر دی۔