پاک آرمی کویتی مسلح افواج کی تربیت و سرحدی دفاع میں معاونت کرے گی،پروٹوکول معاہدے پر دستخط


اسلام آباد:(بیورورپورٹ)پاک آرمی کویتی مسلح افواج کی تربیت و سرحدی دفاع میں معاونت کرے گی،دونوں ممالک نے دفاعی تعاون مزید مضبوط بنانے کےلئے پروٹوکول ایگریمنٹ 2026 پر دستخط کر دئیے ۔

کویتی وزیر دفاع شیخ عبداللہ علی عبداللہ السلیم الصباح کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کے وفد نے وزیر دفاع خواجہ آصف سے ملاقات کی،باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ دفاعی تعلقات ،سکیورٹی تعاون پر تبادلہ خیال ،نئے معاہدے پر دستخط کیے گئے،2023 کے دفاعی تعاون معاہدے کے تحت قائم فوجی تعاون کے موجودہ فریم ورک کو مزید وسعت،پاک فوج کویتی مسلح افواج کو تربیت، استعداد کار میں اضافے، سرحدی انتظام و دفاعی تعاون کے دیگر باہمی طور پر طے شدہ شعبوں میں معاونت فراہم کرے گی۔

وزارت دفاع کے مطابق معاہدہ دونوں برادر ممالک کے درمیان گہرے اعتماد، باہمی احترام ، مشترکہ تزویراتی مفادات کا عکاس ہے،ملاقات میں دونوں ممالک نے باہمی سلامتی ،خطے میں امن و استحکام کیلئے شراکت داری مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

قبل ازیں کویتی کے وزیر دفاع شیخ عبداللہ علی عبداللہ السلیم الصباح کی سربراہی میں وفد نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی کا دورہ کیا اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی،آئی ایس پی آر کے مطابق کویتی مسلح افواج کے چیف آف جنرل سٹاف لیفٹیننٹ جنرل خالد درج سعد الشریان بھی وفد کے ہمراہ تھے، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی اور دوطرفہ دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال ،ادارہ جاتی تعلقات مضبوط بنانے اور باہمی دفاعی تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا، کویتی وفد نے علاقائی امن و استحکام کےلئے پاک افواج کی پیشہ ورانہ ،آپریشنل مہارت اور خدمات کو سراہا۔