وزیراعلیٰ کا شاہدرہ اور ٹھوکر نیاز بیگ پر ٹریفک جام کے سدباب اورمعروف روڈز پر بائیک لین مقرر کرنے کا حکم

لاہور(نمائندہ خصوصی)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ستھرا پنجاب کی گاڑیوں کی طرف سے ٹریفک قوانین کیخلاف ورزی پر برہمی کااظہارکیا ہے اورستھرا پنجاب کی گاڑیوں کوہر صورت ٹریفک قوانین کا پابند بنانے کا حکم دیا۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ستھرا پنجاب کی گاڑی تلے آکر کمسن بچی کے جاں بحق ہونے پر بھی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدات خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں ٹریفک مینجمنٹ سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں پیدل سڑک کراس کرنے والوں کیلئے الرٹ بٹن نصب کرنے کی تجویز کا جائزہ لیاگیا۔ اس موقع پر زبیرا کراسنگ پر پیدل گزرنے والوں کیلئے پابندی یقینی بنانے کیلئے کیمرے سے ڈیجیٹل نگرانی پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے شاہدرہ اور ٹھوکر نیاز بیگ پر ٹریفک جام کے سدباب کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے تمام معروف روڈز پر بائیک لین مقرر کرنے کی ہدایت کی اور پیدل سڑک کراس کرنے والوں کیلئے زبیرا کراسنگ کی پابندی یقینی بنانے کا حکم دیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے زبیرا کراسنگ پابندی یقینی بنانے کیلئے مال روڈ پر پہلا پائلٹ پراجیکٹ شروع کرنے کا حکم دیا اور مال بردار ٹریکٹر ٹرالی کو کور کیے بغیر روڈ پر نہ آنے کی پابندی یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ستھرا پنجاب کی ٹریکٹر ٹرالیوں کے لئے بھی کور کرنے کی پابندی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے صوبہ بھر میں گنے کا سیزن شروع ہونے سے پہلے ٹریکٹر ٹرالیوں پر اوور لوڈنگ سدباب کیلئے کارروائی کا حکم دے دیا۔اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے فیروز پور روڈ کو بھی لاہور کا ماڈل روڈ قرار دینے کا حکم دیا اور پائن ایوینو، جاتی امراءچوک میں ٹریفک مینجمنٹ کیلئے سگنل لگانے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ لاہور کے داخلی اور خارجی راستوں پر ٹریفک کی آمدورفت میں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں آنی چاہیے۔ دریں اثناءوزیراعلیٰ مریم نواز سے آزاد جموں و کشمیر کے نو منتخب وزیراعظم افتخار گیلانی نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے نومنتخب وزیر اعظم بیرسٹر افتخار گیلانی کو آزاد کشمیر کا وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ وزیراعظم آزاد کشمیرافتخار گیلانی نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو پنجاب میں تاریخ ساز پراجیکٹس شروع کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔