بلوچستان میں کامیاب آپریشنز،بھارتی حمایت یافتہ36دہشتگرد ہلاک

راولپنڈی،اسلام آباد:(بیورورپورٹ)سکیورٹی فورسز کی بلوچستان میں کامیاب کارروائیاں،بھارتی حمایت یافتہ36دہشتگردوں کو جہنم واصل کردیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران مستونگ، کوئٹہ، قلات ،سبی میں انٹیلی جنس بنیاد پر کارروائیوں میں ہندوستانی پراکسیز، فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 36 دہشتگردوں کو انجام تک پہنچایا،مستونگ میں آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے بھرپور کارروائی کرتے ہوئے 6 بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کو ہلاک کیا ،قبضے سے برآمد گولہ بارود کے ذخیرے اور دیسی ساختہ دھماکہ خیز آلات کو موقع پر ہی تباہ کر دیا ،کوئٹہ کے علاقے شعبان میںفتنہ الخوارج کے 4 ٹھکانوں کو کامیابی سے نشانہ بناتے ہوئے 26 خوارج کو ہلاک کیا گیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق قلات میں کیے گئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے پر چھاپہ مارا اور 2 ہندوستانی سپانسرڈ دہشتگردوں کو ہلاک کیا ،سبی کے علاقے بھاگ میں سکیورٹی فورسز نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے 2 بھارتی سپانسر دہشتگردوں کو انجام تک پہنچایا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 72 گھنٹوں کے دوران بلوچستان بھر میں بھارتی پراکسی، فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 48 دہشت گردوں کوہلاک کیا گیا،2026 میں آپریشنز کے دوران 1188 سے زائد دہشتگردوں کو بلوچستان میں مارا جاچکا ،عزم استحکام ویژن کے تحت انسداد دہشتگردی آپریشنز آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہیں گے۔

دوسری جانب صدر،وزیراعظم،وزیر داخلہ ودیگر سیاسی رہنماﺅں نے سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہادہشتگردی کے ناسور کو ہر قیمت پر شکست دینگے، پوری قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،عفریت کاخاتمہ کرکے دم لیں گے،سکیورٹی فورسز کے افسر و اہلکار وطن عزیز کے امن کو نقصان پہنچانےوالے دہشت گردوں کےخلاف موثر کارروائیاں جاری رکھیں گے۔