لاہور (مشرق نیوز) لاہور پولیس نے پاکستان تحریک انصاف رہنما اور سابق وفاقی وزیر حماد اظہر کو باقاعدہ طور پر گرفتار کر لیا۔ حماد اظہر کو گزشتہ روز ملتان سے گرفتار کیا گیا تھا مگر لاہور پولیس کی جانب سے حماد اظہر کی باقاعدہ گرفتاری آج ڈالی گئی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق حماد اظہر کیخلاف 9 مئی اور اس کے بعد کئی مقدمات درج ہیں، حماد اظہر لاہور سمیت مختلف شہروں کی پولیس کو مطلوب تھے۔ دوسری جانب حماد اظہر کی والدہ عشر اظہر نے لاہور ہائیکورٹ میں حماد اظہر کی بازیابی کیلئے درخواست کر دی ہے۔
عشر اظہر کی دائر کردہ درخواست میں آئی جی پنجاب سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ حماد اظہر تاحال لاپتہ ہے، حماد اظہر کی گرفتاری سے متعلق پولیس تصدیق نہیں کر رہی ہے۔ حماد اظہر کی والدہ نے درخواست کی ہے کہ عدالت حماد اظہر کی بازیابی کا حکم جاری کرے۔
خیال رہے کہ 9 مئی واقعات کے سلسلہ میں حماد اظہر پر کئی مقدمات درج ہیں اور وہ 2023 سے روپوش تھے جبکہ عدالت نے انہیں اشتہاری قرار دیا ہوا تھا۔
لاہور پولیس نے سابق وفاقی وزیر حماد اظہر کی گرفتاری ڈال دی


















