لکی مروت،پشاور(بیورورپورٹ)وزیراعلیٰ کے پی سہیل آفریدی نے لکی مروت سے لانگ مارچ کے پہلے مرحلے کا آغاز کرتے ہوئے کہا ہے گورنر راج یا ایمرجنسی کو نہیں مانتے، خیبرپختونخوا میں حکومت عمران خان کی ہے۔
گنڈی چوک لکی مروت میں لانگ مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہاسیاسی قوت و سیاسی جماعت ،مذاکراتی کمیٹی اسلام آبادسیاسی درجہ حرارت کم کرنے کےلئے گئی تھی،بند کمروں کے فیصلے قبول نہیں،خیبرپختونخوا میں راج صرف عمران خان کا ہوگا اور پالیسی بھی بانی کی ہی چلے گی،کوئی آپریشن نہیں ہوگا، پہلے بھی باغی تھے اور آج بھی باغی ہیں، وفاقی حکومت نے 22 سال سے صوبے کو لیبارٹری بناکرزبردستی آپریشن لاگو کیا ،آگ بجھائیں گے۔
وزیراعلیٰ کے پی نے کہا79 سال سے مسلط مائنڈ سیٹ آپ پر آپریشنز کی ایک اور پالیسی مسلط کر رہا تھا، خیبرپختونخوا حکومت کی پالیسی پر عمل سے 100 دنوں میں امن آسکتا ہے،مقصد کیلئے نیت ہونی چاہیے،نیت پی ٹی آئی کو ختم کرنا ہے مگر ایسا کبھی نہیں ہوسکتا،عمران دور میں امن تھا ،رجیم چینج کے بعد ایک بار پھر دہشتگردی کو مسلط کیا گیا،عوام کو نکلنا ہوگا، پاکستان کے فیصلے نوجوانوں کو کرنے ہیں، کرک میں عوام کا سمندر ہوگا، پوری دنیا دیکھے گی، صوابی پہنچنے تک لاکھوں لوگ قافلے میں ہوں گے ،حقیقی آزادی کی تحریک ملک کے کونے کونے تک پھیل چکی ہوگی، اگلا سٹاپ کرک پھرکوہاٹ میں ہوگا۔
قبل ازیں سہیل آفریدی نے سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں کہا ڈرافٹ میں کوئی بھی مطالبہ غیر آئینی و غیر قانونی نہیں،ریاست پر قابض لوگ سوتیلی ماں جیسا سلوک کر رہے ہیں۔
ڈرافٹ میں کہاسیاسی استحکام، آئین و قانون کی بالادستی پر اتفاق،وزیر اعظم ،دونوں ایوانوں میں قائدین حزب اختلاف کے درمیان باقاعدہ ملاقات کا اہتمام کیا جائے،وزیراعظم حکومتی اتحاد، پیپلزپارٹی، اپوزیشن جماعتوں کی مشترکہ مذاکراتی کمیٹی بنادیں، جیل مینول،مروجہ قوانین کے مطابق عمران ،بشریٰ کو حقوق دئیے جائیں،ملاقاتوں کا انعقاد قانون ،جیل قواعد و ضوابط کے مطابق ہو، ملاقات کی سہولت کو سیاسی یا دیگر مقاصد کےلئے استعمال نہ کیا جائے۔
سہیل آفریدی نے کہا خواتین، بزرگ ،بیمار قیدیوں کے مقدمات میں غیر ضروری تاخیر ختم،یاسمین راشد، بشریٰ سمیت سیاسی قیدی خواتین کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پررہا ، تمام سیاسی ،قومی معاملات باہمی مشاورت اور مذاکرات سے حل کیے جائیں،سیاسی مذاکراتی کمیٹی ایک ماہ میں قابل عمل سفارشات پیش کرے، جمہوریت، سیاست، عدلیہ اورآزادی صحافت مکمل طور پر یقینی بنائی جائے، وفاق کی تحریری یقین دہانی پر پی ٹی آئی موجودہ لانگ مارچ منسوخ کرے گی۔
لکی مروت سے لانگ مارچ کا آغاز ،گورنر راج مانتے ہیں نہ ایمرجنسی،سہیل آفریدی



















