ڈی آئی خان ،خودکش دھماکہ،فائرنگ،14شہید،بلوچستان ،13 دہشتگرد ہلاک،18 مزدور اغوا

ڈی آئی خان،اسلام آباد:(مشرق نیوز،بیورورپورٹ)ڈی آئی خان میں پولیس چیک پوسٹ پر خودکش حملہ، زخمیوں کو لیجانے والی ایمبولینس پر فائرنگ،2سال کے بچے ،خواتین ،ریسکیو اہلکاروں سمیت 14افراد شہید، درجنوں زخمی ہوگئے۔

بمبار نے بارود سے بھری گاڑی انسداد سمگلنگ پوسٹ سے ٹکرائی ،شہید ہونےوالوں میں 6 پولیس،2کسٹمز اہلکار، 2خواتین ،2 سال کا بچہ شامل ہے،زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث اموات میں اضافے کاخدشہ ہے،سکیورٹی فورسز ،قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لےکر سرچ و کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا۔

بعدازاں دھماکے کے زخمیوں کو لے جانےوالی ایمبولینس پر فتنہ الخوارج کی فائرنگ سے 2 ریسکیو اہلکار شہید ہوگئے۔

دریں اثنا صدر،وزیراعظم،وزیراعلیٰ ودیگر رہنماﺅں نے پولیس چیک پوسٹ پر حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قوم کے محافظوں کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیں گے،حکومت دہشتگردی کے مکمل خاتمے کےلئے پر عزم ہے۔

چیئرمین ضلع کونسل ڈیرہ بگٹی کے گھر پر حملہ پسپا، امن فورس نے 13دہشتگردوں کو جہنم واصل کردیا،وڈیرہ ہدایت شمبھانی کی زیر نگرانی بگٹی امن فورس نے دہشت گردوں سے مقابلہ کیا،فائرنگ کا تبادلہ رات بھر جاری رہا، دہشتگردوں کی جائے وقوعہ سے فرار ہونے کی کوشش ناکام بنا دی گئی،13دہشتگرد انجام کو پہنچے،دہشتگردوں کی فائرنگ سے امن فورس کا جوان شہید ،3جوان زخمی ہوگئے۔

دریں اثنا فتنہ الہندوستان نے بلوچستان میں معاشی ترقی کا راستہ روکنے کی مذموم کوشش کرتے ہوئے دکی میں 18 تعمیراتی مزدور اغوا کر لیے، گارڈ شہید ،ایک زخمی ہو گیا،ذرائع کے مطابق فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں نے نانا صاحب زیارت میں سڑک تعمیر کرنے والی کمپنی کے کیمپ پر حملہ کیا،سکیورٹی فورسز نے مغوی مزدوروں کی بازیابی اور دہشت گردوں کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن شروع کر دیا ۔