اسلام آباد (مشرق نیوز) پاکستان نے مقدس شہر مکہ مکرمہ کی سمت کئے گئے حملے اور سعودی عرب پر حوثی باغیوں کی مسلسل جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ حرمین شریفین کی حرمت اور سعودی عرب کی علاقائی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔
دفتر خارجہ میں ہفتہ وار نیوز بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان سجاد حیدر خان نے کہا کہ مکہ مکرمہ کو نشانہ بنانے کی کوشش ایک گھناونا اور انتہائی تشویشناک اقدام ہے جس سے دنیا بھر کے کروڑوں مسلمانوں کے مذہبی جذبات شدید مجروح ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب کی خودمختاری، امن اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کیلئے اپنے برادر ملک کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے، پاکستان سعودی عرب کے شہری علاقوں اور تنصیبات پر حوثی شدت پسندوں کے حملوں کی پرزور مذمت کرتا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کا انتہائی سنجیدگی کے ساتھ جائزہ لے رہا ہے، خطے میں پائیدار امن اور تنازعات کے حل کیلئے پاکستان ہمیشہ سفارتکاری اور پرامن مذاکرات کی حمایت کرتا ہے۔
انہوں نے مکہ پر حملے کو ناکام بنانے کیلئے سعودی مسلح افواج کی بروقت، موثر اور پیشہ ورانہ کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ سعودی فورسز نے صورتحال کو کامیابی سے قابو میں رکھا اور اہم تنصیبات کے تحفظ کو یقینی بنایا۔ انہوں نے زور دیا کہ خطے میں پائیدار امن، استحکام اور تنازعات کے دیرپا حل کیلئے سفارت کاری، بامعنی مذاکرات اور سیاسی ذرائع ہی واحد موثر راستہ ہیں، اور پاکستان ہمیشہ پرامن حل اور تعمیری مکالمے کی حمایت کرتا رہیگا۔
سجاد حیدر خان نے بتایا کہ بھارتی بحری جہاز نے 15 ستمبر 2026 کو پاکستانی خصوصی اقتصادی زون میں پاک بحریہ کے جہاز کے قریب جارحانہ انداز میں نقل و حرکت کی، بھارت نے بین الاقوامی قانون اور دوطرفہ معاہدے کی سنگین خلاف ورزی کی ، اس واقعہ پر بھارت کے ناظم الامور کو گزشتہ رات دفتر خارجہ طلب کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ آج نئی دہلی میں پاکستانی ناظم الامور بھی بھارتی وزارت خارجہ میں احتجاج کریں گے۔
حرمین شریفین کی حرمت، سعودی عرب کی سالمیت پر سمجھوتہ نہیں ہوگا: دفتر خارجہ
















