افغان سرزمین سے دہشتگردی روکنا طالبان کی ذمے داری ہے،پاک فوج

راولپنڈی:(بیورورپورٹ)ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے بھارتی سرپرستی میں افغان سرزمین سے دہشتگردی روکنا طالبان رجیم کی ذمے داری ہے،دہشتگردوں کو عوامی حمایت حاصل نہیں وہ اپنے نظرئیے کو بندوق کی نوک پر مسلط کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، دہشتگردی کی سرپرستی بھارت کر رہا،سوشل میڈیا باہر سے چلایا جا رہا ہے،ریاست کی پالیسی بالکل واضح دہشتگردوں کےساتھ کوئی بات چیت نہیں ہوگی۔

عرب نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا افغان طالبان رجیم سے ایک ہی ٹھوس مطالبہ ہے اپنی سرزمین سے پاکستان کے اندر ہونےوالی دہشتگردی کو روکے،پاکستان میں ہونےوالے حملوں میں 80 فیصد خود کش بمبار افغان شہری،افغانستان سے پاکستان آنے والی ہر تشکیل میں افغان شہریوں کی موجودگی ہوتی ہے،طالبان دوحہ معاہدے کے تحت کیے گئے وعدوں پر عملدرآمد نہیں کرتے تو پاکستان کو دفاع کا مکمل حق حاصل ہے۔

ترجمان پاک فوج نے کہا پاکستان عملی طور پر سعودی عرب کی مدد کےلئے موجود ،سفارتی لحاظ سے بھی ساتھ کھڑا ،پاکستان سعودی قیادت کی ضرورت کے مطابق حرمین شریفین ،سعودی عرب کی حفاظت کےلئے کسی حد تک بھی جانے کےلئے مکمل تیار ہے، سعودی عرب کی سلامتی کےلئے پاکستان کا عزم غیر مشروط جو جذباتی، دیرینہ، تاریخی اور اٹوٹ رشتے سے جڑا ہے،کسی کو شک و شبہ نہیں ہونا چاہیے۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا کسی بھی جارحیت کی صورت میں پاکستان اپنے عزم کے مطابق سعودی عرب کے دفاع کےلئے تیار ہے،مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ ،سٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے موجود ہیں، معاہدوں کے تحت وعدوں ،عزم کی پاسداری کی جا رہی ہے، پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت مسلسل سعودی قیادت سے رابطے میں ہے، اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پاکستان کی مسلسل، انتھک ،انتہائی پرخلوص سفارتکاری کے بعد طے پائی۔