لانگ مارچ ؟پی ٹی آئی سیاسی کمیٹی کا احتجاج موخر کرنے پر اتفاق،اچکزئی کاانکار

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)لانگ مارچ ؟پی ٹی آئی سیاسی کمیٹی کا احتجاج موخر کرنے پر اتفاق،اپوزیشن لیڈر محمود اچکزئی نے انکار کردیا۔

پارٹی ذرائع کے مطابق اجلاس میں اراکین نے موقف اختیار کیا 27 ستمبر کو پشاور سے اسلام آباد جانے کی صورت میں خون خرابے کا خدشہ ،وفاقی حکومت نے خیبرپختونخوا کے جلوس کو روکنے کےلئے بڑے پیمانے پر تیاریاں کر رکھی ہیں،سیاسی کمیٹی کے اراکین نے 27 ستمبر کا احتجاج موخر کرنے پر اتفاق کرتے ہوئے کہالانگ مارچ کب کرنا ہے فیصلہ محمود اچکزئی ،علامہ راجہ ناصر عباس کریں گے،وفاق کھیل رہا ہم بھی کھیلیں گے اب وفاق کےساتھ اعصابی لڑائی لڑی جائے گی، چاہتے ہیں لوگ خود وفاق کےخلاف کھڑے ہوں،تھکنا نہیں ،تھکانا ہے۔

اندرونی کہانی کے مطابق سیاسی کمیٹی کا اجلاس شروع ہوا تو وزیراعلیٰ سمیت تمام پارٹی رہنماوں نے لانگ مارچ ،راستے کی رکاوٹوں، بالخصوص موٹروے پر موجود رکاوٹوں پرتبادلہ خیال کیا ،صوابی سے تعلق رکھنے والے رکن نے تجویز دی فی الحال مارچ کو ملتوی کر دینا چاہیے کیونکہ مختلف اپوزیشن جماعتوں کےساتھ بات چیت چل رہی ہے دیگر اپوزیشن جماعتوں کو شرکت پر آمادہ کرلیا جائے تو احتجاج کا اثر زیادہ ہوگا،تجویز پر پارٹی اجلاس میں موجود کئی دیگر اراکین نے بھی اتفاق کیا،بیرون ملک مقیم پارٹی رہنما نے تجویز دی فی الحال مارچ ملتوی کرنا ہے تو کر دیا جائے تاہم تاریخ کا اعلان نہ کیا جائے،ایک رہنما نے اعتراض کیا تاریخ نہ دی تو کارکن مشتعل ہوں گے ،دیگر اراکین کی جانب سے بھی حمایت کی گئی،اتفاق کیا گیا 4 اکتوبر کو صوابی اور 5 اکتوبر کو اسلام آباد کےلئے روانگی ہوگی۔

دریں اثنا اپوزیشن لیڈر محمود اچکزئی نے انکار کرتے ہوئے کہا27 ستمبر کو ملک گیر تحریک شروع کرنے کے موقف پر قائم ہوں،27 ستمبر کا مارچ موخر نہیں ہوگا، کے پی سمیت دیگر صوبوں میں تحریک شروع ہوگی اورآہستہ آہستہ اسلام آباد کی جانب بڑھے گی۔

ادھر وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا، ذرائع کے مطابق سہیل آفریدی نے کہا پی ٹی آئی رہنماوں کا مشورہ ہے لانگ مارچ ملتوی کیاجائے،محمود اچکزئی نے کہا 27 ستمبر کولانگ مارچ کی کال برقرار رکھی جائے، مزید مشاورت کے بعد فیصلہ کریں گے۔

دریں اثنا چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے ملاقات کرکے اپوزیشن لیڈروں کو کچھ فیصلوں پر اعتماد میں لیا ،صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہاعمران خان نے لانگ مارچ کا اختیار سہیل آفریدی کو دیا،کسی بھی فیصلے سے وزیراعلیٰ کے پی ہی آگاہ کریں گے،لانگ مارچ پر کوئی دو رائے نہیں ،سیاسی جماعت اور اتفاق رائے و تفصیلی مشاورت سے فیصلے کرتے ہیں۔