اسلام آباد (مشرق نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ افغان سرزمین سے دہشت گردی کی ہر کوشش کا بھرپور جواب دیا جائیگا۔ وفاقی دارالحکومت میں انٹرنیشنل پارلیمنٹیرینز کانگریس سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان پرامن بقائے باہمی پر یقین رکھتا ہے ، صرف امن ہی ترقی کا راستہ ہے، تاہم پاکستان کی امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان کئی دہائیوں سے افغان شہریوں کی میزبانی کرتا رہا ہے۔ افغان عوام اور افغان حکومت کے نظریات میں فرق ہے، افغانستان کے عوام حق رکھتے ہیں کہ انہیں حقوق ملیں اور معاشی بہتری میسر آئے۔
وزیراطلاعات نے کہا کہ افغانستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانے ہیں ، افغان حکومت کو دہشت گردی کے مائنڈ سیٹ سے نکلنا ہوگا۔ اگر دہشت گردی کے مائنڈ سیٹ کی وجہ سے افغان حکومت کو معاشی خوشحالی نہیں ملتی تو یہ افغان عوام کے ساتھ زیادتی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن اسی صورت ہوسکتا ہے جب افغان عبوری حکومت دہشت گردی کو مسئلہ سمجھے۔ افغان عبوری حکومت کو یہ بھی سمجھنا ہوگا کہ تعلیم کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ قیام امن کیلئے پاکستان نے یہاں سے وفود بھی افغانستان بھیجے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افغان سرزمین سے پاکستان میں دہشت گردی کی ہر کوشش کا جواب دیا جائیگا۔ افغانستان سے پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کا پہلے بھی جواب دیا گیا ہے اور آئندہ بھی جواب دیں گے۔
افغان سرزمین سے دہشت گردی کی ہر کوشش کا جواب دیا جائیگا: وزیر اطلاعات



















