پنجاب کے 8 اضلاع میں نومبر تک کیتھ لیبز قائم ہوں گی: وزیراعلیٰ مریم نواز

لاہور (مشرق نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عالمی یوم قلب کے موقع پر دل کے امراض سے بچاو کیلئے احتیاط اور طرزِ زندگی میں صحتمند تبدیلی کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ مریم نواز شریف نے ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے پنجاب کے تمام ضلعی ہسپتالوں میں کیتھ لیبز اور کارڈیالوجی سینٹرز کے قیام کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعلیٰ کے مطابق پنجاب کے 6 اضلاع کی کیتھ لیبز میں امراض قلب میں مبتلا 7 ہزار 294 مریضوں کے کامیاب پروسیجر کیے گئے ہیں۔ جہلم، جھنگ، وہاڑی، قصور، میانوالی اور بہاولنگر کی کیتھ لیبز میں 4 ہزار 448 مریضوں کی انجیو گرافی اور 2 ہزار 763 افراد کی انجیو پلاسٹی کی گئی۔ مریم نواز شریف نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال قصور کی کیتھ لیب میں دو مریضوں کو کامیابی سے عارضی پیس میکر بھی لگائے گئے۔

انہوں نے کہا کہ 8 اضلاع میں نومبر جبکہ 7 اضلاع میں فروری تک کیتھ لیبز قائم کی جائیں گی۔ پنجاب کے ہر ڈویژن میں سٹیٹ آف دی آرٹ کارڈیک سینٹرز بھی قائم کئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی سمیت تمام دل کے ہسپتالوں میں مفت ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انکے مطابق دل کے مریضوں کیلئے مفت ادویات، مفت سٹنٹ اور مفت بائی پاس کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ کلینک آن ویلز اور فیلڈ ہسپتالوں میں بلڈ پریشر اور شوگر کی مفت سکریننگ کی جا رہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے طلبہ سے جنک فوڈ اور سگریٹ نوشی سے پرہیز کی اپیل کرتے ہوئے سکولوں میں بچوں کی ہارٹ ہیلتھ اور جسمانی سرگرمیوں سے متعلق آگاہی پروگرام شروع کرنے کی ہدایت کی۔ مریم نواز شریف نے خواتین میں دل کے امراض سے متعلق آگاہی مہم شروع کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے ہر شہری کو دل کے امراض سے محفوظ اور صحتمند زندگی فراہم کریں گے۔