صدر مملکت اور وزیراعظم کا بصارت سے محروم افراد کے حقوق پر زور

اسلام آباد (مشرق نیوز) وزیراعظم شہباز شریف اور صدر مملکت آصف علی زرداری نے سفید چھڑی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغامات میں بصارت سے محروم افراد کی خودمختاری، وقار، تحفظ اور معاشرتی شمولیت یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے، دونوں رہنماوں نے خصوصی افراد کیلئے مساوی مواقع کی فراہمی اور عوامی مقامات تک آسان رسائی کو بہتر بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سفید چھڑی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں بصارت سے محروم افراد کی ہمت، حوصلے، لگن اور زندگی کے جذبے کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بصارت سے محروم افراد کو بااختیار بنانے اور معاشرے میں ان کی شمولیت یقینی بنانے کیلئے ان کے اہل خانہ، معاشرتی معاونین اور متعلقہ اداروں کی خدمات قابل ستائش ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سفید چھڑی کا عالمی دن دنیا بھر میں بصارت سے محروم لاکھوں افراد کی خودمختاری، نقل و حرکت کی آزادی، خوداعتمادی اور وقار کو اجاگر کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے، سفید چھڑی ایک اہم معاون ذریعہ ہے جو بصارت سے محروم افراد کو روزمرہ زندگی میں خودمختاری کے ساتھ حصہ لینے اور مختلف شعبوں میں کامیابیاں حاصل کرنے کے قابل بناتی ہے۔

دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری نے عالمی یوم تحفظ سفید چھڑی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ خصوصی افراد کیلئے عوامی مقامات اور خدمات تک رسائی بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے، انہوں نے بصارت سے محروم افراد کے حقوق اور تحفظ کیلئے کام کرنے والی تنظیموں کیلئے نیک تمناوں کا اظہار کیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ سفید چھڑی بصارت سے محروم افراد کیلئے نقل و حرکت کا ایک اہم ذریعہ ہے، جس کے ذریعے تعلیم، روزگار اور روزمرہ زندگی کے دیگر شعبوں تک رسائی میں نمایاں بہتری لائی جا سکتی ہے۔ انکا کہنا تھا کہ حکومت خصوصی افراد کی بحالی، فلاح و بہبود اور انہیں بااختیار بنانے کیلئے اقدامات کر رہی ہے، انہوں نے سندھ حکومت کی جانب سے خصوصی افراد کو بااختیار بنانے کے محکمے (ڈی ای پی ڈی) کے قیام کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ محکمہ خصوصی افراد کی بحالی، خودمختاری اور فلاح و بہبود کیلئے کام کر رہا ہے۔