پنجاب بھر میں خفیہ کیمروں ،جاسوسی آلات کی خرید و فروخت پر پابندی کا فیصلہ

لاہور (اپنے رپورٹر سے) پنجاب حکومت نے جاسوسی کیلئے استعمال ہونے والے آلات پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کر لیا ، خفیہ کیمروں اور ریکارڈنگ آلات سے لیس عینکوں، پین، گھڑیوں اور دیگر ڈیوائسز پر مکمل پابندی ہو گی۔ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق جاسوسی کے آلات اور خفیہ الیکٹرانک ڈیوائسز کے استعمال اور خرید و فروخت پر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی، حکومت پنجاب نے شہریوں کی نجی زندگی اور ذاتی معلومات کے تحفظ کیلئے یہ اہم فیصلہ کیا۔ خاص طور پر خواتین اور بچوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے جاسوسی کے آلات پر پابندی کا فیصلہ کیا گیا۔ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق جاسوسی کے آلات کے ذریعے غیر قانونی نگرانی، ہراسانی اور بلیک میلنگ کی شکایات سامنے آئی ہیں ، حکومت پنجاب شہریوں کے بنیادی حقوق، نجی معلومات اور ذاتی زندگی کے تحفظ کیلئے متحرک ہے، خفیہ کیمروں سے لیس روزمرہ استعمال کی اشیاءکے غیر قانونی استعمال پر سخت سزا ہوگی۔